پاکستان سے مذاکرات ضروری

0
37

کشیدگی سے جموں وکشمیر کے لوگ سب سے زیادہ متاثر،قتل وغارت بندہوناچاہئے : محبوبہ مفتی
جان محمد

  • جموں؍؍وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ خون خرابہ روکنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مذاکرات ضروری ہیں ۔ریاست کے عوام یہاں جاری تشد د اور غیر یقینیت سے سب سے زیادہ متاثرہوئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ پچھلے 30برسوں سے تشدد کے ایک بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں اور ان مشکلات اور درد کی وجہ سے وہ بات چیت اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بہتر رشتوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کب تک لوگ مرتے رہیں گے اور ہم گل دائرے چڑھاتے رہیں گے ۔تفصیلات کے مطابق ریاستی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے آج ایک ٹویٹ اورریاستی قانون سازیہ کے دونوں ایوانوں میں اپنے خطاب میں ہند۔پاک مذاکرات کی وکالت کی۔اپنے ایک ٹویٹ میں اُنہوں نے کہا’خون خرابہ روکنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مذاکرات ضروری ہیں ۔ میں جانتی ہوں کہ آج رات منعقد کئے جانے والے ٹیلی ویژن مباحثوں میں مجھے اینٹی نیشنل قرار دیا جائے گا، لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ جموں وکشمیر کے لوگ متاثر ہورہے ہیں۔ ہمیں بات کرنی ہوگی۔ جنگ آپشن نہیں ہے‘۔ اس دوران بجٹ اجلاس کے آخری دِن ریاستی قانون سازیہ کے دونوں ایوانوں سے الگ الگ خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ پچھلے 30برسوں سے تشدد کے ایک بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں اور ان مشکلات اور درد کی وجہ سے وہ بات چیت اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بہتر رشتوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کب تک لوگ مرتے رہیں گے اور ہم گل دائرے چڑھاتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں تک پہنچنے میں ہی امن اور دوستی کا راز مضمر ہے نہ کہ جنگ میں۔سنجواں فوجی کیمپ پر حالیہ حملے اور ریاست کی سرحدوں پر مسلسل شیلنگ کا ذکر کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ ماضی میں تشدد اور جنگوں کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات اور مصائب میں اضافہ ہوا ہے اور اب ریاست کے لوگ اس صورتحال کا خاتمہ چاہتے ہیں تاکہ وہ امن اور اخوت کے ماحول میں زندگی گزار سکیں۔وزیراعلیٰ نے کچھ ٹی وی چینلوں کی طر ف سے ریاست کے بارے میں غیرضروری منافرت پھیلاکر اپنی ٹی آر پیز میں اضافہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے ریاست کے لوگوں کی ناراضگی میں اضافہ ہوتا ہے ۔انہوںنے ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں رپورٹنگ کرتے وقت یا پھر ترقیاتی عمل پر بحث و تمحیص کے دوران مثبت رول ادا کریں۔محبوبہ مفتی نے قانون سازیہ کو عوام کی مشکلات اُبھارنے اور انہیں حل کرنے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم قرار دیا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کو جواب دہ بنانے میں حزب اختلاف کا ایک کلیدی رول بنتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور مختلف الخیال ہونا کسی بھی ملکس کی اہم مضبوطی تصور کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس عمل کی عکاسی ریاستی قانون ساز یہ کے دونوں ایوانوں میں ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہوگا کہ قانون سازیہ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں عوامی نوعیت کے معاملات اُجاگر کئے جائیں۔محبوبہ مفتی نے چیئرمین قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی اور سپیکر قانون سازاسمبلی کویندر گپتا اور ڈپٹی سپیکر نذیر گریزی کی تعریف کی کہ انہوں نے دونوں ایوانوں کی کارروائی احسن طریقے پر ا نجام تک پہنچائی ۔انہوں نے اجلاس کے دوران عوامی اہمیت کے حامل امور اُبھارنے کے لئے ممبران کی بھی ستائش کی۔وزیر اعلیٰ نے دونوں ایوانوں کے عملے اور دیگر منسلک محکموں کی طرف سے بجٹ اجلاس کو کامیابی سے ہمکنار کرانے میں ان کے رول کی بھی تعریف کی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا