پونچھ حملہ:سیکورٹی فورسز نے متعد د علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا، ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری

0
181

جموں،//جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے گرسائی سرنکوٹ علاقے میں ہندوستانی فضائیہ کے قافلے پر حملے کے بعد فوج، پولیس ، ایس او جی اور پیرا کمانڈوز نے ایک درجن کے قریب علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ حملہ آوروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کی خاطر ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔

بتادیں کہ ہفتے کی شام کو پونچھ کے گرسائی سرنکوٹ علاقے میں دہشت گردوں نے فضائیہ کے قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں فضائیہ کے پانچ اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے بعد ازاں ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔

اطلاعات کے مطابق پونچھ کے گرسائی سرنکوٹ علاقے میں ہندوستانیہ فضایہ (آئی اے ایف)کے قافلے پر دہشت گرد حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار کی صبح ایک درجن کے قریب علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن لانچ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سراغ رساں کتوں، ڈرون کیمروں اور ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہے تاکہ جلدازجلد حملہ آوروں کو انجام تک پہنچایا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف کے سینئر آفیسران آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگلی علاقے میں چھپے بیٹھے دہشت گردوں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کارلایا جارہا ہے۔

دریں اثنا حملے کے بعد پونچھ ضلع میں جگہ جگہ عارضی چیک پوائنٹس قائم کئے گئے جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔

ان کے مطابق حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر اضافی اہلکاروں کی بھی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پونچھ میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا