بارہمولہ میں دو منشیات فروش گرفتار، ایک خاتون منشیات فروش کے خلاف مقدمہ درج:پولیس

0
87

سری نگر، //منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار جبکہ ایک خاتون منشیات فروش کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے بارہمولہ میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن کریری نے کریری میں ایک ناکے کے دوران دو افراد کو روکا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 35 گرام چرس جیسا مواد اور 5 ہزار روپیے نقدی بر آمد کئے اور جس کے بعد دونوں کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن کریری میں بند رکھا گیا۔

بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت سہیل احمد بٹ ولد ہلال احمد بٹ ساکن وزر واگورہ اور محمد اشرف خان ولد محمد یوسف ساکن فرستھار کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کریری میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔

بارہمولہ پولیس نے ایک اور کارروائی کے دوران ایک بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ مجاز اتھارٹی سے اجازت حاصل کرنے کے بعد بارہمولہ پولیس نے ایک بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ خاتون کو گرفتار کرکے کوٹ بلوال جیل جموں میں بند رکھا گیا ہے۔

بیان میں خاتون کی شناخت نرجس اختر زوجہ شوکت احمد شیخ ساکن شاہ ولایت کالونی عمر آباد سری نگر کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ خاتون منشیات فروش کے خلاف کئی مقدمے درج ہیں اور وہ پٹن، ٹنگمرگ، نائو پورہ، واگورہ، کریری اور ضلع کے دیگر علاقوں میں نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرنے اور منشیات کے کارو بار کو فروغ دینے میں ملوث تھی۔ان کا کہنا تھا کہ کئی مقدموں میں ملوث ہونے کے باوجود وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئی۔

قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے تین مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 58 مقدمے درج کرکے 11 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 91 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے زائد از ایک کروڑ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد بھی بر آمد کیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا