پونچھ میں فضائیہ کے قافلے پر دہشت گردانہ حملہ،ایک جوان شہید،4زخمی

0
133
تمام زخمی کمانڈ ہسپتال منتقل ، پیر پنجال خطے میں گزشتہ 12 دنوں میں دوسرا حملہ،علاقے کاوسیع محاصرہ
یوگیش/دائودخان

پونچھ/جموں؍؍سرحد سے متصل پونچھ ضلع میں ہفتہ کو دہشت گردوں کے ایک گروپ کے حملے کے بعد ہندوستانی فضائیہ  کاایک جوان جان بحق جبکہ چاراہلکار زخمی ہوگئے۔حکام کے مطابق یہ حملہ شاہ ستار کے جنگلاتی علاقے میں ہوا، جو درختوں سے ڈھکا ہوا ہے اور جو سرحدی پونچھ ضلع کے سورنکوٹ کے سنائی ٹاپ اور مینڈھر کے گرسائی علاقے کے درمیان آتا ہے۔جموں میں مقیم فوج کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم، انہوں نے مزید وضاحت نہیں کی۔اس خطے میں مسلح افواج پر یہ پہلا بڑا حملہ ہے جس میں گزشتہ سال فوج پر کئی دہشت گردانہ حملے ہوئے تھے۔ حملے کی جگہ سے ملنے والی تصویروں میں آگ کی زد میں آنے والی گاڑی کی ونڈ اسکرین پر گولیوں کے کم از کم ایک درجن سوراخ نظر آئے۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمی ہوائی جنگجوؤں کو حملے کے آدھے گھنٹے کے اندر ہی پونچھ سے کمانڈ ہسپتال ادھم پور پہنچایا گیا جبکہ قافلے کی دیگر گاڑیوں کو محفوظ بنا کر اپنی منزل تک پہنچا دیا گیا تاہم ایک زخمی اہلکارجان بحق ہوگیا۔
ہندوستانی فضائیہ نے کہا ’’آئی اے ایف کے ایک گاڑی کے قافلے پر جنگجوؤں نے جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں شاہستار کے قریب حملہ کیا۔ اس وقت مقامی فوجی یونٹوں کی جانب سے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ قافلے کو محفوظ بنا لیا گیا ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے۔‘‘
ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد مینڈھر اور اس سے ملحقہ سورنکوٹ کے درمیان کے علاقے میں پچھلے کچھ دنوں سے کومبنگ اور تلاشی آپریشن جاری تھا۔ تلاشی کے دوران دہشت گردوں نے فضائیہ کے اہلکاروں کو لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ کر دی، بعد میں جوابی کارروائی کی گئی اور اس کے نتیجے میں ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکورٹی فورسز کی کمک علاقے میں پہنچ گئی۔
حملہ آوروںکو پکڑنے کے لیے مقامی راشٹریہ رائفلز یونٹ کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور تلاش جاری ہے۔راجوری اور پونچھ اضلاع میں پھیلے پیر پنجال علاقے میں گزشتہ 12 دنوں میں یہ دوسرا دہشت گردانہ حملہ ہے۔ 22 اپریل کو تھنہ منڈی کے علاقے شاہدرہ شریف کے قریب نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک 40 سالہ سرکاری ملازم ہلاک ہو گیا تھا۔ اس شخص کی شناخت کنڈا ٹاپ کے محمد رازق کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا بھائی ٹیریٹوریل آرمی میں سپاہی تھا۔
21 دسمبر کو پونچھ میں ڈیرہ کی گلی اور بفلیاز کے درمیان مغل روڈ پر ایک دہشت گردانہ حملے میں چار فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ علاقے میں آئندہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر سیکورٹی فورسز اور پولیس نے دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے پہلے ہی بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ شاہدرہ شریف حملے سے چند روز قبل پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پونچھ کے علاقے ہری بدھ سے ایک سکول ہیڈ ماسٹر کو گرفتار کیا تھا اور اس کے گھر سے ایک پاکستانی پستول کے ساتھ گولہ بارود کے ساتھ ساتھ دو چینی دستی بم بھی برآمد کیے تھے۔پونچھ اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ کا حصہ ہے جہاں 25 مئی کو چھٹے مرحلے میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ دریں اثناء کٹھوعہ، ڈوڈہ، ادھم پور اور کشتواڑ میں 28 اپریل کو بسنت گھر میں نامعلوم دہشت گردوں کے ایک ولیج سیکورٹی گارڈ کو ہلاک کرنے کے بعد سیکورٹی اور تلاشی کا عمل تیز کر دیا گیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا