کشتواڑانتظامیہ نے ضلع ہسپتال کشتواڑ سے ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا

0
0

پہلے مرحلے میں محکمہ صحت کے ملازمین کو ویکسین دی جائے گی
بابر فاروق
کشتواڑ// جموں وکشمیر کے مختلف اضلاع کی طرح ضلع کشتواڑ میں بھی ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک کمار شرما کی نگرانی میں ضلع ہسپتال کشتواڑ سے کووڈٹیکہ کاری کی مہم کا آغاز کیا گیا۔ دو روز قبل کشتواڑ میں تیرہ سو خوراکوں کی ویکسین کا پہلا اسٹاک پہنچا تھا جو مقرر کیے گئے ٹیکے مراکز میں مزید تقسیم کے لیے حفاظت سے رکھا گیا تھا۔ افتتاحی تقریب کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے شرکاء کو جانکاری دی کہ ٹیکے کی مہم کا آغاز پورے ملک میں ہوا اور اس میں سب سے پہلے مرحلے میں محکمہ صحت کے عملے کو ٹیکے لگائے جائیں گے، ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے ٹیکے لگوانے والوں کی رجسٹریشن کی اور اس مہم کا آغاز تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کیا۔ محکمہ صحت کے جن ملازمین کو ٹیکہ لگایا گیا ان کو دوسرا ٹیکہ چار ہفتے کے بعد لگایا جائے گا۔ رسم افتتاح کے دوران پہلا ٹیکہ ضلع ہسپتال کشتواڑ کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پرویز اقبال وانی اور چیف میڈیکل آفیسر کشتواڑ ڈاکٹر آر ایس منہاس کو لگایا گیا۔اس موقع پرضلع ترقیاتی کمشنر نے کووڈ کی ویکسین کی رسم افتتاح پر پوری میڈیکل ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پورے ضلع میں پہلے مرحلے کے دوران تمام محکمہ صحت کے ملازمین کو کووڈ ٹیکہ لگنے کے بعد باقی مقرر کیے گئے گروہوں کو باقی مراحل میں ٹیکہ لگا لیا جائے گا۔وہیں چیف میڈیکل آفیسر کشتواڑ اشوک کمار شرما نے بتایا کہ پیر کے بعد سے تمام پی ایچ سی اور دیگر نامزد کیے گئے ویکسینیشن مراکز پر محکمہ صحت کے عملے کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے اور اس کے متعلق تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ محکمہ صحت کے ایک سو ملازمین کو ویکسین دی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی سی ایم او کشتواڑ بلبیر کمار ،ضلع امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر چندر پرکاش ، بی ایم او کشتواڑ ست لال،سینئر سرجن ڈاکٹر رویندر کمار کے علاوہ دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا