اختیارات سے بڑھ کر اُمیدیں،دم توڑتے صحت کے نظام میں سُدھار کا مطالبہ
محمد اسحٰق عارف
اخیار پور؍؍بھلیسہ کے بھرتھی گائوں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد یعقوب میر کی بطوورِ سی ایم او ڈوڈہ تعیناتی پر بھلیسہ میںخوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ضلع بھر کی متعدد شخصیات نے موصوف کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُن کی نئی ذمہ داری پر اُن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ڈاکٹر محمد یعقوب میر بھلیسہ کے تیسرے ڈاکٹر ہیں جنہیں سی ایم او ڈوڈہ تعینات کیا گیا ہے۔اس سے قبل بھلیسہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد شریف خان اور ڈاکٹر محمد اشرف میر سی ایم ڈوڈہ رہ چکے ہیں۔ڈاکٹر محمد یعقوب میر اس سے قبل بھی کچھ وقت کے لئے سی ایم او ڈوڈہ کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔ عوامی حلقوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ ڈاکٹر موصوف ایک نرم مزاج اور انتہائی شریف النفس انسان ہیں اور تکبر نام کی کوئی چیز اُن کو چھو کر نہیں گئی ہے ۔بطورِ بی ایم او ،سپرنٹنڈنٹ ضلع اسپتال ڈوڈہ و کشتواڑ اور انچارج سی ایم او کی ذمہ داریا ں نبھاتے ہوئے اُنہوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ایک بہترین منتظم اور عوام دوست آفیسر بھی ہیں ۔دوردراز دیہات کے مریضوں اور دیگر ضرورت مندوں کے معاونت کرنا اُن کا شیوہ ہے۔عام لوگ بلا جھجک اُن کے پاس اپنی فریاد لے کر جاتے ہیں اور موصوف پوری دل جمعی سے اُن کی بات سُن کر اُن کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کی حتی الامکان کوشش کرتے ہیں۔ضلع ڈوڈہ کی متعدد سماجی شخصیات نے ڈاکٹر محمد یعقوب میر کی سی ایم تعیناتی کا خیر مقدم کیا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ دم توڑتے صحت کے نظام میں نئی روح پھونکیں گے۔قصبہ ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے معروف سیاسی و سماجی کارکن اور ماہرِ تعلیم شہاب الحق بٹ نے موصوف کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر موصوف ایک با صلاحیت منتظم ہیں اور اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ نہ صرف ضلع اسپتال ڈوڈہ کی حالت کو بہتر بنائیں گے بلکہ ضلع بھر کے اسپتالوں اور طبی مراکز پر خاص توجہ مرکوز کر کے لوگوں کے توقعات پر پورا اُترنے کی کوشش کریں گے۔الحاج غلام نبی وانی ناظم جامعہ غنیۃالعلوم اخیار پور،ایجوکیشنل سوسائٹی آف بھلیسہ کے چیئرمین محمد ایوب زرگر اورجنرل سیکریٹری محبوب اقبال بٹ،ٹیچرس فورم کے ضلع صدر جماعت علی آگاہ،انسپائر بھلیسہ ٹرسٹ کے صدر ویشن سنگھ،رہبرِ تعلیم ٹیچرس ایسوسی ایشن کے صدر اسحٰق رشید ملک،نوجوان صحافی اشتیاق احمد ملک،نوجوان شاعر محمد یاسین حقانی ، امتیاز احمد بٹ اور سابق سرپنچ تیندلہ لیاقت علی شیخ نے اپنے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ ڈاکٹر محمد یعقوب میر نہ صرف ایک بہترین ڈاکٹر ہیں بلکہ وہ ڈیوٹی کی پابند اور انسان دوست آفیسر ہیں اور ایک با صلاحیت منتظم ہیںاور اُن کی گذشتہ تین دہائیوں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ موصوف سب ضلع اسپتال گندو،پرائمری ہیلتھ سینٹر جکیاس اور پرائمری ہیلتھ سینٹر چنگا کے علاوہ بھلیسہ کے دیگر طبی مراکز میں طبی عملہ کی قلت کو دور کرنے کی سعی کریں گے اور ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملہ کو ڈیوٹی کا پابند بنانے کی بھر پور کوشش کریں گے تاکہ غریب عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کا ازالہ ہو سکے۔