’ہر کام میں شفافیت برتی جائے گی‘

0
33

ہندوستان کے گوشے گوشے میں اُردوکونسل کی سرگرمیاں ہونگی:ڈاکٹر شیخ عقیل احمد
عالمی اردو کانفرنس کا انعقادجلد ٭ہر ضلع میں سال میں کم از کم پانچ سیمیناریا ورک شاپ منعقد کئے جائیں گے
لازوال ڈیسک

نئی دہلی؍؍قومی کونسل برائے فرو غ زبان اردو (این سی پی یو ایل) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے آج کہا کہ کونسل کو بدعنوانی اور بے ایمانی سے دور رکھنے کے لئے ہر کام میں شفافیت برتی جائے گی اوراس سلسلے میں ماضی میں جو شکایتیں آئی تھیں اسے دور کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ مسٹر احمد نے آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دنوں سو سے زائد کمپیوٹر سینٹر کو منظوری دی گئی تھی لیکن لوگوں کی طرف سے شکایتیں ملنے کے بعد ان مراکز کی جانچ کراکر ان کی منظوری کے سلسلے میں ازسر نو فیصلہ کیا جائے گا۔ اور اگر کسی بھی سینٹر سے رشوت دینے کی بات ثابت ہوئی تو اس سینٹر کو ہمیشہ کے لئے بند کردیا جائے گا۔ این سی پی یو ایل کے مستقبل کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کونسل کے نئے ڈائریکٹر مسٹر احمد نے کہا کہ جلد ہی عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عالمی سطح کے باصلاحیت دانشوروں او رادیبوں کو دعوت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے پروگرام اب تک عام طور پر بڑے شہروں میں ہی ہوتے رہے ہیں لکن اب یہ پروگرام چھوٹے شہروں میں ضلعی سطح پر بھی کرائے جائیں گے تاکہ عام لوگ اردو سے قریب ہوسکیں اور اردو کی رسائی گھر گھر ہوسکے ۔اس سلسلے میں ہر ضلع میں سال میں کم از کم پانچ سیمیناریا ورک شاپ منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ قومی اردو کونسل اور اس کی کارکردگی اور اس کی بہت ساری اسکیموں کے متعلق بڑے شہروں میں لوگوں کو تو کسی حد تک معلومات رہتی ہے لیکن چھوٹے شہروں، گاوں اور قصبوں میں اس کے تعلق سے بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ لہذا ہندوستان کے گوشے گوشے میں کونسل اور اس کی کارکردگی او رمختلف اسکیموں اور سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دینے کے لئے انہوں نے حکومت سے بات کی ہے اور امید ہے کہ ان کی تجویز حکومت منظور کرلے گی۔ انہوں نے کہا کہ کونسل نے حکومت سے کہا ہے کہ ہندوستان کی تمام ریاستوں میں کم از کم ایک سو سمینار /ورکشاپ کرنے کی منظوری دی جائے تاکہ ہندوستان کے دور دراز کے علاقے میں رہنے والے عوام بھی کونسل کی کارکردگی سے بخوبی واقف ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کلاسیکی کتابوں سے اردو کی نئی نسل دور ہوتی جارہی ہے جن کے برے اثرات ہماری گفتگو پر پڑتے ہیں۔ اردو داستانوں کونئے انداز میں تلخیص اور انتخاب شائع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی عظیم شخصیات کی سوانح حیات بھی شائع کی جائیں گی۔ جب کہ بچوں کے لئے تہذیب و ثقافت سے متعلق کتابیں اور اردو سکھانے والی کتابیں علاقائی زبانوں میں شائع کی جائیں گی۔ ڈاکٹر احمد نے کہا کہ کونسل ملک کے دوردراز علاقوں میں اردو کے لئے خاموشی سے کام کرنے والی گمنام شخصیات کو اعزاز و اکرام سے نوازے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا