سانبہ میں فوجی اہلکار نے خودکشی کرلی

0
34

رواں ماہ سیکورٹی فورس اہلکار کی خودکشی کا دوسرا واقعہ
لازوال ڈیسک

جموں ؍؍جموں وکشمیر کے ضلع سانبہ میں ایک فوجی اہلکار نے اپنے کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی ہے۔ یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق یہ جموں وکشمیر میں رواں ماہ کے دوران کسی سیکورٹی فورس اہلکار کی خودکشی کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل یکم اکتوبر کو 13 بٹالین سشستر سیما بل (ایس ایس بی) کے ایک انسپکٹر گٹی لال ولد کے کے رام ساکنہ اکھنور جموںنے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے دگنی بل علاقہ میں قائم اپنے کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 19 سالہ سپاہی بہادر تھاپا ماگر ساکنہ نیپال نے ضلع سانبہ کے بڑی برہمنا میں پیر کے روز اپنے کیمپ میں دوران ڈیوٹی اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلائی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سپاہی کو اپنے ساتھیوں نے فوری طور پر نذدیکی اسپتال منتقل کیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مذکورہ فوج نے خودکشی کا قدم کیوں اٹھایا۔ انہوں نے بتایا ’ہم نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے‘۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد مہلوک فوجی اہلکار کی لاش اس کے آبائی گھر بھیجی جائے گی۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود جموں وکشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں سال 2009 سے لیکر اب تک کم از کم 1100 سیکورٹی فورس اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا