گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت کولکتہ نے لکھنؤ کو 98 رن سے شکست دی

0
125

لکھنؤ،//سنیل نارائن کی 81 رن کی اننگ اور ہرشیت رانا اور ورون چکرورتی کی عمدہ گیند بازی کی بدولت کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 54ویں میچ میں اتوار کو لکھنؤ سپر جائنٹس کو 98 رن سے شکست دے دی۔ اس آٹھویں جیت کے ساتھ ہی کولکتہ پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر پہنچ گیا ہے۔
236 رن کے ہدف کے تعاقب میں لکھنؤ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور دوسرے ہی اوور میں ارشین کلکرنی (9) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد کپتان کے ایل راہول اور مارکس اسٹونیس نے دوسری وکٹ کے لیے 50 رن کی شراکت قائم کی۔ راہول 21 گیندوں میں 25 رن بنانے کے بعد آٹھویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ اگلے ہی اوور میں دیپک ہڈا (5) پھر مارکس اسٹوئنس 21 گیندوں میں 36 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد لکھنؤ کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ نکولس پورن (10)، آیوش بدونی (15)، ایشٹن ٹرنر (16)، کرونال پانڈیا (5)، یودھویر سنگھ چرک (7) اور روی بشنوئی (2) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کولکتہ نے لکھنؤ کی اننگز کو 16.1 اوور میں 137 رن تک محدود کرنے کے بعد یہ میچ 98 رن سے جیت لیا۔
کولکتہ کی جانب سے ورون چکرورتی اور ہرشیت رانا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ آندرے رسل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ مچل اسٹارک اور سنیل نارائن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے سنیل نارائن کی نصف سنچری (81) رن کی اننگز کی بدولت کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 54ویں میچ میں اتوار کو لکھنؤ سپر جائنٹس کو جیت کے لیے 236 رن کا ہدف دیا ۔
آج یہاں لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان کے ایل راہل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ کولکتہ کی اوپننگ جوڑی فل سالٹ اور سنیل نارائن نے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کے لیے 61 رن جوڑے۔ نوین الحق نے پانچویں اوور میں فل سالٹ کو آؤٹ کرکے لکھنؤ کو پہلی کامیابی دلائی۔ سالٹ نے 14 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے (32) رن بنائے۔ اس کے بعد روی بشنوئی نے 12ویں اوور میں سنیل نارائن کو آؤٹ کیا۔ سنیل نارائن نے طوفانی انداز میں 81 رن کی اننگز کھیلی، انہوں نے 39 گیندوں میں چھ چوکے اور سات چھکے لگائے۔ انگکرش رگھوونشی (32)، آندرے رسل (12)، رنکو سنگھ (16) اور کپتان شریاس ایر (23) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ رمندیپ سنگھ 25 اور وینکٹیش ایر (1) رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ کولکتہ نے مقررہ 20 اووروں میں چھ وکٹ پر 235 رن بنائے۔
لکھنؤ سپر جائنٹس کی جانب سے نوین الحق نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ یش ٹھاکر، روی بشنوئی اور یودھویر سنگھ چرک نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا