از: فدا بابا
سری نگر؍؍ سری نگر کے قلب میں واقع ٹی آر سی گرائونڈ میں اتوار کے روز قومی سطح کے فٹ بال ٹورنامنٹ آئی لیگ سیشن 2019-20 میں میزبان ٹیم ریئل کشمیر ملکی سطح پر مشہور کلکتہ کی موہن بھگان ٹیم سے مدمقابل ہوگی۔ ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اتوار کو موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا جس پر فٹ بال خاص طور پر ریئل کشمیر فٹ بال کلب کے شائقین نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ریئل کشمیر اور موہن بھگان کی فٹ بال ٹیموں کے کوچوں اور کھلاڑیوں نے ہفتہ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کا سامنے کرنے کے لئے تیار ہیں۔ موہن بھگان کی ٹیم کے کوچ جویو انٹونیو نے کہا: ‘ہم یہاں ایک اہم میچ کھیلنے آئے ہیں۔ ہمارے کھلاڑی ریئل کشمیر کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ہمارے کھلاڑیوں نے یہاں اچھی خاصی پریکٹیس بھی کی’۔ریئل کشمیر کے کوچ ڈیوڈ روبرٹسن کا کہنا تھا: ‘اتوار کا میچ ہمارے لئے ایک مشکل میچ ہے۔ یہ ہمارے لئے چیلنج سے بھرپور میچ ہوگا۔ ہمارے کھلاڑی بھی جانتے ہیں کہ انہیں موہن بھگان کو شکست دینے کے لئے زیادہ محنت کرنی ہے’۔آئی لیگ کے ذرائع نے بتایا کہ چونکہ ہر اتوار کو ریذیڈنسی روڑ پر ٹی آر سی تا ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ مشہور سنڈے مارکیٹ سجتا ہے اس کے پیش نظر میچ شروع ہونے کے وقت میں تبدیلی لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا: ‘میچ صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوگا۔ فٹ بال شائقین سے گزارش ہے کہ وہ میچ شروع ہونے سے قبل ہی اسٹیڈیم پہنچے تاکہ وہ میچ کے ہر ایک سکینڈ سے لطف اٹھا سکیں’۔سری نگر میں آئی لیگ کے رواں سیشن کا پہلا میچ 26 دسمبر کو کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے دفاعی چمپئن چنئی فٹ بال کلب کو دو – ایک سے ہرا دیا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں فٹ بال شائقین بشمول زن و مرد اسٹیڈیم امڈ آئے تھے۔ اسٹیڈیم کے باہر فلائی اوور اور دیگر عمارات کے چھتوں پر بھی شائقین میچ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔ آئی لیگ کے منتظمین نے بتایا کہ اتوار کا میچ انتہائی دلچسپ ہوگا کیونکہ دونوں ٹیمیں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں۔انہوں نے بتایا: ‘کشمیر کے فٹ بال شائقین کو ایک بہت ہی اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔ دونوں ٹیمیں بہت ہی اچھی فارم میں ہیں اور ہمیں امید ہے کہ بھاری تعداد میں شائقین میچ کو دیکھنے کے لئے آئیں گے’۔یہ دوسری دفعہ ہے جب ریئل کشمیر اور موہن بھگان سری نگر میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ گزشتہ سال موہن بھگان نے ریئل کشمیر کو اپنے ہی گھر میں ہرایا تھا جبکہ بعد ازاں ریئل کشمیر نے موہن بھگان کو اس کے گھر یعنی کلکتہ میں ہرایا تھا۔وادی کشمیر میں پانچ اگست کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے بعد قومی سطح کے فٹ بال ٹورنامنٹ آئی لیگ کے یہ میچز یہاں سب سے بڑی کھیل سرگرمی ہے کیونکہ سال گزشتہ کے دوران جہاں تعلیمی سرگرمیاں از حد متاثر رہیں وہیں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر منعقد ہورہی کھیل سرگرمیاں بھی بطور کلی مفقود ہوکررہ گئیں جس کے باعث ایک طرف کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کا مظاہرہ کرنے سے محروم ہوئے دوسری طرف کھیل سرگرمیوں کی معطلی سے کھیل شائقین پر بھی مایوسی چھا گئی۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اتوار کے میچ کے پیش نظر اسٹیڈیم کے گرد وپیش سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں اور فٹ بال شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے بھی خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں