لازوال ڈیسک
کشتواڑجموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر و ایم ایل اے اندروال غلام محمدم سروڑی نے یہاں ضلع کشتواڑ کی تحصیل دراب شالہ میں عوامی شکایات کو سماعت کرنے کیلئے میٹنگ کا اہتمام کیا اور علاقہ کی ترقی کے ساتھ ساتھ مسائل کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر عوام نے موصوف کو علاقہ کے مسائل کی جانکاری فراہم کی ۔وہیں سروڑی نے عوام سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کےدور اقتدار میں ریاست میں نمایاں ترقی ہوئی اور آزاد نے مسئلہ کشمیر کے متعلق جو بیان دیا ہے وہ حقیقت اور سچائی ہے ۔سروڑی نے وادی میں سول عوام کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں زندگی مشکل بن گئی ہے اور انسانیت کیلئے کوئی عزت نہیں رہی کیونکہ حالات نوے کی دہائی جیسے ہیں۔اس موقع پر موصوف نے مختلف محکمہ جات کے افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل کیا جائے اور کاموں کو بروقت مکمل کیا جائے ۔وہیں موصوف نے مچھیپال تا چھموتی دس کلومیٹر سڑک پر تارکول بچھانے کا اعلان کیا اور کہا ایک برس میں ترقیاتی کام مکمل ہو جائے گا ۔بعد ازاں درجنوں کارکنان نے بگرانا، درابشالہ،مغلمیدان علاقہ جات سے کانگریس کا دامن تھاما جن کا سروڑی نے پارٹی میں خیر مقدم کیا اور امید جتائی کہ زمینی سطح پر پارٹی مضبوط ہوگی ۔