پورٹ آف اسپین، 25 جولائی (یو این آئی) جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز جیرالڈ کوٹزی سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے ساتھ ہونے والی آئندہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
کرکٹ جنوبی افریقہ نے جمعرات کو کہا کہ کوئٹزی 7 اگست سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے فٹ نہیں ہیں اور انہیں سائیڈ اسٹرین انجری کے باعث ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔ انہیں یہ چوٹ امریکہ کی ٹی-20 فرنچائزی لیگ میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کے دوران لگی تھی۔ وہ لیگ میں ٹیکساس سپر کنگز کے لیے کھیل رہے تھے۔
کوئٹزی کی جگہ میگوئل پریٹوریئس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے ابھی تک کوئی ٹیسٹ لیول کا میچ نہیں کھیلا ہے لیکن 64 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں۔ پریٹوریئس کو اس سے قبل دسمبر 2020 میں سری لنکا میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا تاہم وہ کندھے کی انجری کے باعث ڈیبیو نہیں کر سکے۔
پہلا ٹیسٹ میچ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ پروویڈنس میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 24 سے 28 اگست تک تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔