بارہمولہ میں سال رواں کے پہلے تین مہینوں کے دوران 91 منشیات فروش گرفتار: پولیس

0
125

سری نگر، //معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے جنگ کو جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے تین مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 58 مقدمے درج کرکے 11 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 91 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے زائد از ایک کروڑ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد بھی بر آمد کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے تین مہینوں کے دوران ضلع میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 58 مقدمے درج کرکے 11 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 91 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ منشیات فروشوں میں سے 80 کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت جبکہ 11 منشیات فروشوں کو پی آئی ٹی این ڈی پی ایس/ پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کی طرف سے منشیات کے کاروبار کے لئے استعمال کی جانی والی 11 گاڑیوں کو بھی ضبط اور منشیات فروشوں کی غیر قانونی طور پر حاصل کی جانے والی جائیدادوں کو بھی قرق کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ قرق شدہ جائیدادوں میں 4 رہائشی مکان، ایک شاپنگ کمپلیکس اور ایک اراضی کا ٹکڑا شامل ہے جبکہ ضبط شدہ گاڑیوں میں 2 آئی ٹونٹی گاڑیاں، ایک سوفٹ گاڑی ایک سکوٹی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ جائیداد کی کل مالیت 1.55 کروڑ روپیے ہے۔

موصوف ترجمان نے ضبط شدہ نشہ آور مواد کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدہ منشیات فروشوں کی تحویل سے ضبط شدہ نشہ آور مواد میں 417 گرام برائون شوگر جس کی بلیک مارکیٹ میں قمیت54.21 لاکھ روپیے ہے، 187 گرام ہیرائون جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت24.31 لاکھ روپیے ہے، 2.730 کلو چرس جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت 14.55 لاکھ روپیے ہے، 53.37 کلو بھنگ پائوڈ جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت34.69 لاکھ روپیے ہے،سپاسموپراگزییون پلس کی 672 گولیاں اور کوڈین فاسفوٹ کی54 سرپس شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ نشہ آور مواد کی بلیک مارکیٹ میں کل قیمت 1.37کروڑ روپیے ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے سال 2023 کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 264 مقدمے درج کرکے 464 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا