’ریاست کا پہلا سرکاری دورہ ‘

0
52

راجناتھ سنگھ آج ایک روزہ دورے پر لداخ آئیں گے
یواین آئی

سرینگرمرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ پیر کے روز جموں وکشمیر کے ایک روزہ دورہ پر آئیں گے جس دوران وہ خطہ لداخ کے سرحدی علاقوں بالخصوص سیاچن گلیشیئر کا دورہ کرکے سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔محض چند دن قبل ملک کے وزیر دفاع کا عہدہ سنبھالنے والے راجناتھ سنگھ کا یہ بحیثیت وزیر دفاع کسی بھی ریاست کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ تاہم موصوف سابقہ حکومت میں بحیثیت وزیر داخلہ قریب دو درجن مرتبہ جموں وکشمیر کے دورے پر آئے تھے۔دفاعی ذرائع نے وزیر دفاع کے دورہ جموں وکشمیر کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا ‘مسٹر راجناتھ سنگھ پیر کو خطہ لداخ کا دورہ کریں گے۔ وہ اگلی چوکیوں پر تعینات فوجیوں کے ساتھ بات چیت کریں گے اور سیاچن وار میموریل پر حاضری دیکر ملک کی حفاظت کے لئے جان قربان کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کریں گے’۔انہوں نے مزید بتایا ‘وزیر دفاع سیاچن بیس کیمپ میں سیاچن گلیشیئر پر انتہائی نامساعد موسمی حالات کے باوجود ملک کی دفاع کے لئے تعینات فوجیوں سے انفرادی و اجتماعی طور پر بات چیت کریں گے’۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے ہمراہ فوجی سربراہ جنرل بپن راوت اور دیگر سینئر فوجی افسران بھی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مسٹر راجناتھ لداخ میں پاکستان اور چین کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ فوجی اہلکاروں کی جانب سے استعمال کئے جانے والے ساز و سامان کا بھی معائنہ کریں گے۔ نیز لیہہ میں واقع فوج کی چودہویں کور کے ہیڈکوارٹر پر ایک سیکورٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ سیاچن گلیشیئر کو بلند ترین میدان جنگ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اگرچہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اس گلیشیئر کے علاقے سے فوجی انخلا کرنے یعنی اسے ہمیشہ کے لئے غیر فوجی علاقہ قرار دینے پر مذاکرات شروع کئے گئے تھے تاہم وہ ناکام ثابت ہوئے۔ علاقے میں اکثر وبیشتر برف کے تودے گرنے کے نتیجے میں فوجیوں کی موت واقع ہوتی ہے۔دریں اثنا ایک رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع راجناتھ سنگھ لداخ کا دورہ کرنے کے بعد سری نگر کے بادامی باغ علاقہ میں واقع فوج کی پندرہویں کور کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے اور وادی کشمیر کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا