راجوری اور پونچھ کے سرحدی علاقوں میں سرچ آپریشن جاری

0
142

درہال علاقے میں پانچ مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع کے بعدآپریشن شروع کیاگیا
یواین آئی

جموں؍؍مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے راجوری اور پونچھ کے سرحدی علاقوں میں منگل کے روز ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ راجوری کے درہال علاقے میں پانچ مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد فورسز نے منگل کے روز ایک وسیع علاقے کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہر ے بٹھا دئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کے راجوری اور پونچھ اضلاع میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ راجوری اور پونچھ کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد تلاشی آپریشن لانچ کیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک کو بھی طلب کیا گیا ہے تاکہ مشتبہ افراد کو جلد ازجلد کیفرکردار تک پہنچایا جاسکے۔باوثوق ذرائع کے مطابق منگل کے روز راجوری کے درہال گاوں کے لوگوں نے سیکورٹی فورسز کو اطلاع دی ہے کہ علاقے میں پانچ مشتبہ افراد کو دیکھا گیا جس کے بعد سیکورٹی فورسز کی بھاری جمعیت نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار رہائشی مکانوں کے ساتھ ساتھ جنگلی علاقوں کی بھی تلاشی لے رہے ہیں۔فوجی ذرائع نے بتایاکہ راجوری اور پونچھ اضلاع کے جنگلی علاقوں میں موجود ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کی خاطر سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آرمی ، پولیس ، ایس او جی اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں نے مشترکہ طورپر کئی علاقوں کو محاصرے میں لے لیا ہے۔ان کے مطابق پیر کے روز بھی راجوری اور پونچھ اضلاع میں 15مقامات پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی آپریشن لانچ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ آپریشن کا مقصد سرگرم ملی ٹینٹوں کو امکانی تخریبی سرگرمیاں انجام دینے سے قبل ہی کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔بتادیں کہ پولیس سربراہ آر آر سوئن نے جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ سرگرم ملی ٹینٹوں اوران کے معاونین کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جائے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو پوری طرح سے ناکام بنایا جاسکے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا