لازوال ویب ڈیسک
سری نگر،// وزیر خارجہ کے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کے ہندوستان کے اعلان کے
ایک دن بعد علاحدگی پسند لیڈر میر واعظ عمر فاروق نے ہفتے کو کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے پاس اسلام آباد میں اگلے ہفتے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں تعطل کو توڑنے کا موقع ہے بتادیں کہ گذشتہ دس برسوں میں پہلی بار وزیر خارجہ ایس جے شنکر پاکستان کی دارلحکومت اسلام آباد میں 15 اور16 اکتوبر کو منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
میر واعظ نے ہفتے کو ’ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ’پانچ برسوں کے بعد جن کا بیشتر حصہ میں نے خانہ نظر بندی میں گذارا، جب جموں و کشمیر کا اگست 2019 میں نیم خود مختار درجہ ختم کر دیا گیا، اس کو دو حصوں میں منقسم کرکے دو یونین ٹریٹری میں تبدیل کر دیا گیا، میں اس پلیٹ فارم پر واپس آ رہا ہوں اس امید کے ساتھ کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ انصاف ہوگا جس کی میں نے ہمیشہ خواہش کی ہے‘۔
انہوں نے کہا: ’بڑھتے ہوئے چیلنجوں کے باوجود تنازعات کے پرامن حل کا عزم پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے‘۔
ان کا پوسٹ میں کہنا تھا: ’اس بے یقینی صورتحال میں کشمیریوں کی نسلیں کھو گئیں ہم اس کا خاتمہ چاہتے ہیں‘۔
میر واعظ نے کہا: ’پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں ہندوستان اور پاکستان کے پاس تعطل کو توڑنے اور تعمیری طریقے سے مصروف ہونے کا موقع ہے‘۔
انہوں نے کہا: ’امید ہے کہ وہ ہماری بات سنیں گے‘۔