لکھنئو، // دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو نے سید مودی انڈیا انٹرنیشنل بیڈمنٹن چمپئن شپ ایچ ایس بی سی ورلڈ ٹور سپر 300 کے کوارٹر فائنل میں جمعہ کو چھٹی سیڈ تھائی لینڈ کی سوپانیڈا کاتیتھونگ کو میراتھن مقابلے میں 11-21 21-12 21- 17سے شکست دے کر انڈیااوپن میں ملی شکست کا بدلہ پورا کرلیا اورسیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
گومتی نگر کے بابو بنارسی داس بیڈمنٹن اکیڈمی میں کھیلی جارہی چیمپئن شپ میں ہندوستان کی اسٹار شٹلر نے اس جیت کے ساتھ سال کا پہلا خطاب اپنے نام کرنے کی جانب ایک اورقدم بڑھادیا۔ سیمی فائنل میں سندھو کا مقابلہ پانچویں سیڈ روس کی ایوجینیا کوستسکایا سے ہوگا جنہوں نے ایک اور میچ میں جمہوریہ چیک کی ٹریجا ساوابیکووا کو 21-8، 21-14 سے شکست دی۔
ایک گھنٹہ پانچ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں پہلا گیم ہارنے کے بعد سندھو نے فائٹنگ گیم کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار واپسی کی۔ ہندوستانی اسٹار شٹلر کے عمدہ اسمیش اور ڈراپ شاٹ کا حریف کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ کاتیتھونگ نے حال ہی میں دہلی میں کھیلے گئے انڈیا اوپن کے سیمی فائنل میں سندھو کو شکست دی تھی۔
دوسری جانب مردوں کے سنگلز میں بھارت کے متھن منجوناتھ نے روس کے سرگئی سیرانٹ کو ایک گھنٹہ ایک منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 11-21، 21-12، 21-18 سے شکست دی، حالانکہ پانچویں سیڈ بھارت کے ایچ ایس پرنائے کوفرانس کے ارناڈ مرکیل کے ہاتھوں شکست کاسامنا کرنا پڑا۔ 59 منٹ تک جاری رہنے والے میراتھن مقابلے میں پرنائے 21-19، 21-16 سے ہار گئے۔