الیکشن کمیشن آف انڈیاذرہ ٹھہرجا

0
128

انتخابات کے دوران مزید فورسز کمپنیوں کی تعیناتی پر مرکزی وزارت داخلہ کی مہر ثبت ہونا باقی

وزیراعظم کادورہ پہلے،الیکشن کمیشن کا دورہ ریاست 3فروری کے بعد متوقع

 

کے این ایس

سرینگر؍؍رواں برس منعقد ہورہے اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کے دوران مزید فورسز کمپنیوں کی تعینات کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی حکومت نے مرکزی وزارت داخلہ کو خط روانہ کردیا ہے تاہم وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ ریاست کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ ابھی آنا باقی ہے۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کا اعلیٰ سطحی وفد وزیر اعظم کے دورہ ریاست کے فوراً بعد ہی انتخابات سے متعلق اہم اُمور کا جائزہ لینے کی خاطر وادی وارد ہورہا ہے جس دوران وفد یہاں گورنر انتظامیہ کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ صلاح مشورہ کرکے آگے کالائحہ عمل ترتیب دے گا۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کو معلوم ہوا ہے کہ رواں برس منعقد ہونے والے اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں منعقد کرانے کے لیے ریاستی حکومت نے مرکزی وزارت داخلہ کو ایک خط ارسال کیا ہے اور ریاست میں سیکورٹی کو مزید مضبوط کرنے اور کسی بھی امکانی گڑ بڑ سے نمٹنے کے لیے فورسز کی اضافی کمپنیاں بھیجنے کی درخواست کی ہے۔ باوثوق ذرائع نے کے این یس کو بتایا کہ ریاستی سرکار نے مرکزی وزارت داخلہ کو ریاست میں انتخابات کے دوران غیر معمولی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مزید فورسز کمپنیاں بھیجنے کی درخواست کی ہے تاکہ انتخابات کے دوران کسی بھی ممکنہ گڑ بڑ سے بروقت نمٹا جاسکے۔ ریاست حکومت نے مرکزی وزارت داخلہ کو باور کرایا ہے کہ الیکشن عمل کو پرامن ماحول میں منعقد کرانے کے لیے تین دائروں والی سیکورٹی لازمی ہے تاکہ شرپسند عناصر کی کارستانیوں کو منہ توڑ جواب دیا جاسکے۔اس دوران مرکزی وزارت داخلہ نے ریاستی حکومت کی طرف سے پیش کی گئی درخواست کا جواب نہیں دیاہے۔ معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ ریاست کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام دورے کے انتظامات میں لگے ہوئے ہیں اور ابھی تک الیکشن سے متعلق مزید سیکورٹی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ کے اندرون ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی نریندر مودی کا دورہ ریاست اختتام پذیر ہوتا ہے تب ہی وزارت داخلہ اس حوالے سے کوئی پہل کرسکتی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ وزیر اعظم کے دورہ ریاست کے فوراً بعد ہی الیکشن کمیشن آف انڈیا کا اعلیٰ سطحی وفد ریاست کا دورہ کررہا ہے جس دوران وہ یہاں کی گورنر انتظامیہ، جملہ سیاسی پارٹیوں اور عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کرکے زمینی صورتحال سے آگاہی حاصل کرے گی۔ کے این ایس کو معلوم ہوا ہے کہ اس موقعے پر سیاسی جماعتوں کے نمائندے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ساتھ اسمبلی و پارلیمانی انتخابات سے متعلق غور و خوض کرکے وفد کو ریاست کی سیاسی وسیکورٹی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا وزیر اعظم کے دورے کے بعد ہی انتخابات سے متعلق مختلف اُمور کا جائزہ لینے کی کاطر ریاست کا دورہ کررہی ہے ۔ ادھر ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر شیلندر کمار نے کشمیرنیوز سروس کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک الیکشن کمیشن آف انڈیا کے وفد کی ریاست آمد سے متعلق کوئی تفصیل موصول نہیں ہوئی ہے تاہم جونہی کوئی پیش رفت ہوتی تو وہ عوام اور میڈیا کو اس حوالے سے آگاہ کردیا جائے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا