مشیر فاروق خان کا دورہ بارہمولہ

0
0

جسمانی طور خاص اَفراد کیلئے ’’ جامع کھیلوں کے ایونٹ ‘‘ کا اِفتتاح کیا
ایسے اَفراد کو بااختیار بنانے کیلئے خصوصی سہولیات فراہم کئے جارہے ہیں
لازوال ڈیسک
بارہمولہ؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے آج ضلع بارہمولہ کا دورہ کیا اور وہاں اُنہوں نے شوکت علی سٹیڈیم میں جسمانی طور خاص اَفراد کے لئے منعقدہ ’’ جامع کھیلوں کا ایونٹ ‘‘ کا اِفتتاح کیا۔تقریب کا اہتمام ہوپ ڈس ایبلٹی سینٹر نے امورِ نوجوان و کھیل کود بارہمولہ کے اشتراک سے کیا تھا جس میں ایسے اَفراد کے لئے کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ ایونٹ کا موضوع ’’ میری صلاحیتوں کے لئے مجھے جان لو ، میری معذوری نہیں ‘‘ تھا۔اِفتتاحی کرکٹ میچ کپواڑہ لائنز اور بارہمولہ ٹائیگرس کے درمیان کھیلا گیا جسے بارہمولہ ٹائیگرس نے پانچ رنوں سے جیتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے ایونٹ کا اِفتتاح کرنے کے بعد منفرد ایونٹ کے اِنعقاد پر منتظمین کی تعریف کی اور اسے جسمانی طور خاص اَفراد کو بااختیار بنانے کے لئے ایک قدم قرار دیا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کھیل ہماری شخصیت کی نفسیاتی اور سماجی نشو و نما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور مناسب پلیٹ فارم مہیا کرنے کی اَشد ضرورت ہے جہاں ہمارے نوجوان اَپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔مشیر موصوف نے ہمارے معاشرے کے اِس اہم طبقے کو بااختیار بنانے کے اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مناسب سہولیات فراہم کرنے کے لئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل ہوجائیں ۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ جسمانی طور خاص اَفراد ہمارے معاشرے کا ایک لازمی حصہ ہیں۔دریں اثنا، مشیر فاروق خان نے وہیل چیئرریس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جس میں کھیلوں کے شائقین نے اَپنی زبردست شرکت کا مظاہرہ کیا۔ اُنہوں نے ایک کیرم میچ میں بھی حصہ لیا جو پروگرام کے ایک حصے کے طور پر منعقد کیا گیا تھا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اور سپورٹس غضنفر علی ، اے ڈی ڈی سی بارہمولہ اعجاز عبداللہ صراف ، ایس ایس پی رئیس محمد بٹ ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ایم یوسف راتھر مع دیگر متعلقین بھی موجود تھے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا