یواین آئی
سرینگر؍؍ فوج نے جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹریوں سے تعلق رکھنے والے طلبا کے لئے گیاہ ماہ کی مفت کوچنگ کا اعلان کیا ہے۔فوج کی طرف سے شروع کئے جانے والے ’پٹرونٹ کشمیر سپر 30‘ پروگرام مین داخلہ حاصل کرنے کے لئے ماہ ستمبر میں چار سینٹروں میں امتحان منعقد کیا جائے گا۔ایک فوجی عہدیدار نے بتایا کہ پٹرونٹ ایل این جی لمیٹڈ اور بھارتی فوج ایک مشترکہ پروگرام کے تحت جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹریوں کے طلبا کو مفت کوچنگ، سٹیڈی مٹریل اور ماہر فیکلٹی فراہم کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام میں داخلہ لینے کے لئے دونوں ٹریٹریوں سے تعلق رکھنے والے طلبا کے کئے رجسٹریشن کھلی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کوچنگ جے ای ای ایڈوانسڈ 2022 امتحانوں میں حصہ لینے والے خواہشمند طلبا کے لئے ہوگی۔موصوف عہدیدار نے بتایا کہ انجینئر بننے کے خواہشمند طلبا کے لئے یہ ایک سنہرا موقع ہے کیونکہ ان کی کوچنگ آئی آئی ٹی اور این آئی ٹی سے وابستہ اساتذہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ طلبا کی تعلیمی قابلیت بارہویں جماعت پاس اور کنبے کی سالانہ آمدنی ڈھائی لاکھ روپیے سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ پروگرام میں داخلہ لینے کے لئے طالب علم کا تحریری امتحان اور انٹرویو پاس کرنا ضروری ہے۔موصوف نے کہا کہ وادی کشمیر میں اس کوچنگ سینٹر میں داخلہ لینے کے لئے چھ ستمبر کوگورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ہندوارہ اور ڈی آئی ای ٹی دفتر کولگام میں امتحان لیا جائے گا جبکہ آٹھ ستمر کو ایس پی ہائر سیکڈری سکول سری نگر میں لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں میں پانچ ستمبر کو سدربنی میں امتحان منعقد ہوگا۔