وقت بدل رہا ہے،برآمد کنندگان کو مختلف بینکوں کے درمیان بھاگ دوڑ نہ کرنا پڑیگی
یواین آئی
ممبئی؍؍مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے آج کہا کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی کورونا وائرس کی وجہ سے سرمایہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے واسطے عوامی شعبے کے بینک کی طرف سے ضلع سطح پر قرض کی تقسیم کے لئے میلے کا اہتمام کیا جائے گا۔محترمہ سیتارمن نے ممبئی کے دو روزہ دورے کے آخری دن آج پبلک سیکٹرکے بینکوں کی سالانہ کارکردگی، کووڈ سے متعلق پیکجوں اور خود انحصار ہندوستان پیکیج پر عمل درآمد کے جائزہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری شعبے کے بینکوں کی کارکردگی تسلی بخش رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایکسپورٹ پروموشن ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ صنعت و تجارت کی تنظیموں کے ساتھ بات چیت کریں تاکہ برآمد کنندگان کی ضروریات کو بروقت پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے بینکوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ فیڈریشن آف انڈین ایکسپورٹرز آرگنائزیشنز (FIEO) کے ساتھ مسلسل بات چیت کریں تاکہ برآمد کنندگان کو مختلف بینکوں کے درمیان بھاگ دوڑ نہ کرنا پڑے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ وقت بدل رہا ہے۔ اب صنعت کے پاس سرمایہ بڑھانے کے لئے بینکوں کے علاوہ دیگر آپشن ہیں۔ بینک خود مختلف چینلز کے ذریعے سرمایہ جمع کر رہے ہیں۔ اس کے پیش نظر ایسے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے پڑتے ہیں جن کے لئے کریڈٹ درکار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کو انڈسٹری کو ایک خاص سیکٹر میں ایکسپورٹرز بننے میں مدد کرنی چاہیے اور اس طرح بینک وزیراعظم نریندر مودی کی ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ اسکیم میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس انتظامیہ سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق بینکوں کو ابھرتے ہوئے شعبوں کے خاص تقاضوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن ٹیک ایک ایسا شعبہ ہے جو بینکوں کو تکنیکی مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بینکنگ سیکٹر سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔محترمہ سیتارمن نے کہا کہ تمام بینکوں نے منافع کمایا ہے۔ اب بینک اس پوزیشن میں ہے کہ وہ اپنے سرمائے کی ضروریات کو خود پورا کرسکیں۔