افسران کو سست روی ، غیرمتوقع بجلی کی بندش کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا:روہت کنسل
جموں خطے میں تیز ہواؤں کی وجہ سے متعدد درخت اور 300 سے زیادہ کھمبے اکھڑ چکے
لازوال ڈیسک
سرینگر ؍؍پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈی ڈی ) روہت کنسل نے محکمہ کے سینئر فیلڈ افسران کو ہدایت دی کہ وہ تیز ہواؤں اور بارش کے بعد بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچے نقصانات کے تناظر میں جموں کے علاقے کو مکمل بجلی کی فراہمی کی بحالی کو یقینی بنائیں ۔ روہت کنسل شیدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے بعد بجلی کی بحالی کے کاموں کی صورتحال کا جائیزہ لے رہے تھے ان تیز ہواؤں کی وجہ سے کھمبے اکھڑ گئے اور بجلی کے دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ۔ افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انہیں ہدایت دی کہ آج (تین جولائی ) شام تک بجلی کی فراہمی 100 فیصد بحالی کو یقینی بنائیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ خطے میں تیز ہواؤں کی وجہ سے متعدد درخت اور 300 سے زیادہ کھمبے اکھڑ چکے ہیں جس کی وجہ سے بجلی کے بنیادی ڈھانچے میں خلل پڑ رہا ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ بجلی کی بحالی کے80 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکے ہیں ۔ چئیر مین جے پی ڈی سی ایل جگموہن شرما ، ڈی جی پلاننگ پی ڈی ڈی طارق خان ، چیف انجینئر جے پی ڈی سی ایل ، سی ای پراجیکٹس جموں ، سی ای ٹرانسمیشن جموں ، چیف انجینئر پرکیورمنٹ ، ایکس ای این آئی جموں اور متعلقہ ایس ای ، ای ای اور دیگر سینئر افسران نے ذاتی طور پر اور ورچول موڈ کے ذریعہ میٹنگ میں شرکت کی ۔بجلی کی فراہمی کی پوزیشن پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت دی کہ پاور گرڈ اسٹیشنوں کی باضابطہ کارکردگی کو یقینی بنانے اور موثر ضابطوں کو یقینی بنانے کیلئے سب ٹرانسمیشن ونگ کے سب ڈویژنل افسران کو اوقات کے دوران تمام گرڈ سٹیشنوں پر تعینات کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح ڈسٹری بیوشن کے سب ڈویژنل افسران بھی اپنے اپنے اسٹیشنوں پر موجود رہیں گے ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تعینات افسران کی تمام تفصیلات کو بڑے پیمانے پر عام کیا جائے تا کہ کسی بھی مشکل کی صورت میں عوام افسران سے رابطہ کر سکیں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے عوامی شکایات کے حل کیلئے زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی میڈیا کے ذریعے موصول ہونے والی تمام شکایات کو فوری طور پر دور کیا جائے ۔ اگر کسی مسئلے کے مکمل حل میں کچھ وقت درکار ہے تو انٹرنل جواب دیا جائے گا جس کے حل کے ممکنہ وقت کو ظاہر کیا جائے ۔ انہوں نے غیر قانونی بجلی کے کنکشنوں کے خلا ف سخت کاروائی کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ غیر قانونی کنکشنوں کو فوری طور پر منقطع کیا جائے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے تمام علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے شیڈول فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر ڈویژن کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئیے کہ نظام کو آسانی سے چلانے کیلئے ضروری دیکھ بھال کے کام مستقل بنیادوں پر انجام دئیے جائیں ۔