اکاؤنٹس اسسٹنٹ کے 1889 عہدوں کیلئے امیدواروں کے حق میں انتخاب کی حتمی فہرست کو منظوری دی
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ ( جے کے ایس ایس بی ) نے اپنی 184 ویں بورڈ میٹنگ میں محکمہ دیہی ترقی اور پنچائتی راج میں اکاؤنٹس اسسٹنٹ ( پنچائت ) کے 1889 عہدوں کیلئے اہل امیدواروں کے حق میں اضلاع کی حتمی سلیکشن لسٹ اور مختص کرنے کی منظوری دی ۔ یہ اجلاس جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے چئیر مین خالد جہانگیر کی صدارت میں ہوا ۔ مذکورہ عہدوں کیلئے قریب 1.92 لاکھ امیدواروں نے درخواست دی جس میں سے آخر کار 1.62 لاکھ امیدواروں نے تحریری امتحان میں حصہ لیا ۔ ان آسامیوں کیلئے او ایم آر پر مبنی معروضی نوعیت کا تحریری امتحان 10 نومبر 2020 کو جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں لیا گیا تھا اور بورڈ نے او ایم آر پر مبنی معروضی نوعیت کے تحریری امتحان میں امیدواروں کی کارکردگی پر 25 دسمبر 2020 کو نتیجے کا اعلان کیا تھا ۔ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کے ذریعہ انتخابی عمل کی تیاری اور اس کو حتمی شکل دینے کیلئے تشکیل دئیے گئے کام کی تعریف کو بھی ریکارڈ کیا ۔ میٹنگ میں محمد شفیق چک ، نذیر احمد خواجہ ، پریتم لال اتری ، ہروندر کور ، عاشق حسین للی ، پروفیسر تسلیمہ پیر ، جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے ممبران ،امتحان کے کنٹرولر اشوک کمار ، سیکرٹری ایس ایس بی سچن جموال ، سپیشل سیکرٹری لاء ایس ایس بی جنگ بہادر ، ایڈیشنل سیکرٹری قانون سہیل مظفر ، ڈپٹی سیکرٹری ونے کھوسلہ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔