موٹرسائیکل سوار نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ،ماں شدید زخمی
شاہ نواز
ریاسی؍؍ تین جولائی کو ریاسی پونی سڑک پر پٹہ علاقے میں محکمہ فاریسٹ کے چیک پوسٹ کے پاس ایک سویفٹ کار زیر نمبر JK02AN-7698 اور موٹرسائیکل زیر نمبر JK20-7957کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی۔ دونوں گاڑیوں کے حادثے کے نتیجہ میں موٹرسائیکل پر سوار ماں بیٹا حادثہ کا شکار ہوئے جس دوران بیٹا موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا اور ماں شدید طور پر زخمی ہوئی جس کو بعد میں ضلع ہسپتال ریاسی پہنچایا گیا۔ مذکورہ زخمی خاتون کو ضلع ہسپتال ریاسی میں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جان بحق شخص کی پہچان محمد خالد ولد مرحوم محمد صادق عمر 35 سال ساکنہ پناسہ تحصیل و ضلع ریاسی کے طور پر ہوئی اور اْس کی زخمی ہوئی ماں کی پہچان ساون بی بی زوجہ مرحوم محمد صادق عمر 60 سال تحصیل و ضلع ریاسی کے طور پر ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ سوفٹ کار کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ہے۔ پولیس نے اس ضمن ایک کیس درج کرکے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔