ئی دہلی : محکمہ ٹیلی کمیونکیشن (DOT) بہت جلد ایک ایسے میکانزم کو متعارف کرے گا جس کے بعد نہ صرف اپنے دوست احباب بلکہ انجان لوگوں کے ذریعہ کئے گئے فون کالس پر اُن کے نام اسکرین پر نمودار ہوںگے ۔ فی الحال بعض صارفین ” ٹروکالر” نامی ایپ کے ذریعہ کال کرنے والوں کی شناخت کررہے ہیں لیکن محکمہ اب ایک ایسا میکانزم تیار کررہا ہے جس کے ذریعہ ہر کال کرنے والے کا نام اسکرین پر ظاہر ہوجائے گا جو دراصل صارفین کے نویور کسٹمر(KYC) ریکارڈ سے مطابقت رکھے گا ۔ اس موقع پر ٹیلی کام ریگولیٹری اتھاریٹی آف انڈیا (TRAI) کے صدرنشین پی ڈی واگھیلا نے بتایا کہ اس سلسلہ میں صارفین کی رائے جاننے کیلئے مشاورتی دستاویز بھی جاری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس میکانزم کا ایک اضافی فائدہ یہ ہوگا کہ صارفین غیر ضروری اور کمرشیل کالس سے نہ صرف محفوظ رہیں گے بلکہ اس نوعیت کی کالس کیخلاف متعلقہ حکام کو شکایت بھی کرسکیں گے ۔ فی الحال TRAI لاکھ کوششوں کے باوجود کمرشیل کالس کو 100%روکنے میں ناکام رہی ہے