’صحافیوں کو مجاہد کا درجہ ملے، علاج کا انتظام ہو‘

0
0

نیشنل یونین آف جرنلسٹس (انڈیا) اور ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا کامطالبہ
یواین آئی

نئی دہلی؍؍صحافیوں کی سب سے بڑی تنظیم نیشنل یونین آف جرنلسٹس (انڈیا) اور ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا نے وزیراعظم نریندر مودی سے میڈیا کے لوگوں کو کورونا مجاہد کا درجہ دینے اور ان کی فوری طورپر ٹیکہ کاری اور ان کے کنبہ کا مکمل انتظام کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔این یو جے۔آئی کے صدر راس بہاری نے اس بارے میں وزیراعظم مسٹر مودی کو بھیجے ایک خط میں کہا کہ میڈیا کے لوگوں نے کورونا وبا کے سلسلہ میں بیداری مہم میں سب سے اہم رول ادا کیا ہے۔ کام کے درمیان پورے ملک میں کورونا سے متاثرہ میڈیا کے لوگوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔معاشی طورپر کمز ور ہونے کی و جہ سے بڑی تعدا د میں صحافی مناسب علاج نہیں کراپارہے ہیں۔ ملک میں کورونا کے کی وجہ سے دو سو سے زیادہ صحافیوں کی جان جاچکی ہے۔مسٹر راس بہاری نے کہاکہ گزشتہ ایک برس سے جاری کورونا وبا کے قہر کے دوران ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اسٹاف، پولیس اور انتظامیہ اور دیگر سرکاری محکموں کے حکام اور ملازمین کی طرح میڈیا کے لوگ بھی اپنا فرض ادا کررہے ہیں۔ اخبار اور چینل عوام کو وبا سے بچنے کے اقدامات کی معلومات دینے کے ساتھ ہی تمام اطلاعات دستیاب کرارہے ہیں۔ کورونا وبا سے اہل وطن کو بچانے اور علاج کے طریقے بتانے میں میڈیا ایک اہم کردار کررہا ہے۔ میڈیا کے لوگ اپنی ذمہ داری کی ادائیگی کرتے ہوئے انتظامی خامیوں کو حکومت اور عوام کے سامنے لاتے ہیں تاکہ بروقت اصلاح کی جاسکے۔مسٹر راس بہاری نے کہاکہ کورونا وبا کی وجہ سے گزشتہ دو ہفتہ میں پورے ملک میں تقریباً 200صحافیوں کی جان جانے کی خبریں ملی ہیں۔ گزشتہ برس بڑی تعداد میں صحافی کورونا کا شکار بنے تھے۔ کئی سینئر صحافیوں کی کورونا کی وجہ سے موت ہوئی ہے۔ صحافیوں کے انتقال کے بعد ان کے کنبے کے سامنے معاشی بحران کھڑا ہوگیا ہے۔ کئی کنبے بھوک مری کی دہلیز پر ہیں۔انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ کورونا کے دور میں تمام اخبارات اور چینلوں سے بڑی تعداد میں صحافیوں کو ملازمت سے نکالا گیا ہے۔ ایک اطلاع کے مطابق پچاس ہزار سے زیادہ میڈیا کے لوگ اس دوران بے روزگار ہوئے ہیں۔ بڑی تعداد میں درمیانہ اور چھوٹے اخبارات بند ہورہے ہیں۔ اقتصادی طورپر کمزور اخبارا ت اور چینلوں کے لئے بھی مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے مالی مدد کے لئے غور کرنے کی ضرورت ہے۔مسٹر راس بہاری نے وزیراعظم کو خط لکھ کر بتایا کہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جنرنلسٹس سے متعلق نیشنل یونین آف جرنلسٹس (انڈیا) کی صوبائی یونٹیں اپنی اپنی سطح پر ریاستوں میں میڈیا کے لوگوں کو کورونا مجاہد کا درجہ دلانے کے لئے درخواست کررہی ہیں۔ راجستھان حکومت نے صحافیوں کو کورونا مجاہد کا درجہ دیتے ہوئے پچاس لاکھ کی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ کچھ دیگر حکومتوں نے بھی اس طرح کے اعلانات کئے ہیں۔دوسری طرف ایڈیٹر گلڈ آف انڈیا کی صدر سیما مصطفی اور جنرل سکریٹری سنجے کپور نے ایک بیان میں کہا کہ یکم اپریل کے بعد سے سو سے زیادہ صحافیوں کا انتقال ہوا ہے۔ ان میں سے بیشتر کووڈ وبا کی صورتحال کی رپورٹنگ کرتے ہوئے انفیکشن کے شکار ہوئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس بات سے نہایت دکھی ہیں کہ حکومت نے گزشتہ مہینوں میں صحافیوں کی ٹیکہ کاری کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔ کئی صحافیوں کے انشورنس کی سہولت تک نہیں ہے۔کچھ ریاستی حکومتوں کی طرف سے وبا کی صحیح رپورٹنگ نہیں کرنے کا بھی ان پر دباو ہے۔ انہوں نے کہاکہ صحافیوں کو فرنٹ لائن ورکرس کا درجہ دیکر انہیں ترجیحی بنیاد پر ٹیکہ لگوایا جائے اور ان کے علاج کا اچھا انتظام کیا جائے۔

 

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا