یواین آئی
نئی دہلی؍؍وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان انسانی تعاون اور ڈیزاسٹر ریلیف کے شعبے میں ٹریننگ اور اہلیت کی تعمیر میں تعاون کرنے کو تیار ہے۔مسٹر سنگھ نے آج یہاں نیپال کے وزیر خارجہ مدیپ کمار گیوالی سے ملاقات کے دوران یہ اظہار خیال کیا۔نیپال کے وزیر خارجہ ہندوستان-نیپال جوائنٹ کمیشن کی چَھٹی میٹنگ میں حصہ لینے کے لیے یہاں آئے ہوئے ہیں۔ بات چیت کے دوران مسٹر گیوالی نے نیپال کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات پیش کیں اور دو طرفہ تعاون بڑھانے کا ارادہ ظاہر کیا۔ انہوں نے ہندوستان کی جانب سے نیپال کے تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔ مسٹر سنگھ نے بھی اسی طرح کا جذبہ ظاہر کیا۔ مسٹر سنگھ نے بھی اسی طرح کا جذبہ ظاہر کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات باہمی رشتوں سے مستحکم ہیں۔وزیر دفاع نے نیپال کی قیادت اور عوام کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کا ذکر کیا۔ دونوں رہنمائوں نے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون کی سطح پر اطمینان ظاہر کیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ہندوستان نیپال کو انسانی تعاون اور ڈیزاسٹر ریلیف ٹریننگ اور اہلیت کی تعمیر میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔نیپال کے وزیرخارجہ نے کورونا ویکسین تیار کرنے پر ہندوستان کو مبارکباد دی اور یقین کا اظہار کیا کہ وبا پر جلد ہی قابو پا لیا جائے گا۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان نیپال کے ساتھ خصوصی تعلقات، مضبوط اور مستحکم کرنے کے تئیں پْرامید ہے۔