کمیٹی کو 15 فروری 2021 تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
لازوال ڈیسک
سرینگر ؍؍جموں وکشمیرکی انتظامیہ نے مختلف سرکاری محکموں میں ملازمین کی مبینہ غیرقانونی بھرتیوںکی جانچ کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس حوالے سے جاری آرڈرمیں بتایاگیاہے کہ کمیٹی کواپنی رپورٹ15فروری2021تک حکومت کوپیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔کمیٹی کویہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے افسروں کی نشاندہی کرے جوسرکاری محکموں میں غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث رہے ہوں گے تاکہ اُن کیخلاف قواعدوضوابط کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی انتظامیہ نے10 برسوں میں محکمہ سکیل ڈیولپمنٹ، آٹونامس باڈیزیعنی نیم سرکاری اداروں اور کارپوریشنز میں ہوئے غیر قانونی بھرتیوں کی جانچ کیلئے بنائی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل نو کی ہے۔محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے جاری کیے گئے حکمنامے کے مطابق اس کمیٹی کی سربراہی محکمہ مکانات و شہری ترقی کے پرنسپل کریں گے جبکہ محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے سیکرٹری اور قبائلی امورات محکمہ کے سیکرٹری اس کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 15 فروری2021 تک رپورٹ پیش کرے اور ان افسران کی نشاندہی کرے جو ان غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث رہے ہوں۔