ایکٹ کو بالائے طاق رکھ کرکمیٹیاں تشکیل دی گئیں: انصاف موؤمنٹ
اعجاز الحق بخاری
پونچھ//مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر میں نافذ فاریسٹ رائٹ ایکٹ کی عمل درآمدی میں بے ضابطگیوں کا انکشاف کرتے ہوئے جموں کشمیر انصاف موؤمنٹ نے پونچھ انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ انتظامیہ نے ایکٹ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متعدد پنچائیتوں میں دھاندلی کر منظور نظر اور غیر موزوں لوگوں کا انتخاب کیا۔ موؤمنٹ کے بانی و چئیر مین جاوید اقبال ریشی، سینئر کارکنان محمد آزاد چوہان، نیاز احمد اعوان، محمد اسحاق جٹ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران زرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے پونچھ ضلع انتظامیہ کی طرف سے کمیٹیوں کی تشکیل میں بے ضابطگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے گزارش کی کہ وہ فی الفور ضلع انتظامیہ پونچھ کو ہدایات جاری کریں کہ وہ کمیٹیوں کی دوبارہ کی تشکیل کیلئے حکم نامہ جاری کرکے موزوں لوگوں کو ان میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایکٹ کے مطابق کمیٹی کی تشکیل کیلئے ہر پنچائت میں گرام سبھا منعقد کرکے پچاس فیصدی سے زیادہ ووٹروں کی رائے سے ممبران کا انتخاب کرنا تھا مگر انتظامیہ کی جانب سے سرپنچو اور منظور نظر لوگوں کے ساتھ مل کر بند کمروں میں کمیٹیوں کو تشکیل دیا گیا جو ایکٹ کے منافی اور عوام مخالف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر انتظامیہ ان ضابطگیوں اور بد نظمیوں کو جلد ختم کرنے میں ناکام رہتی ہے تو وہ جلد بڑے پیمانے پر اس کے خلاف اندولن شروع کریں گے۔