ٹریفک بحالی کا کام بھی جاری ،پہاڑی اور میدانی علاقوں میں بجلی اور پانی کی عدم دستیابی سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا
ملک شاکر
بانہال ؍؍ جموں و کشمیر کو بیرون دنیا سے جوڑنے والی جموں سرینگر قومی شاہراہ مسلسل چوتھے روز بھی بند رہی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کے دوران جموں و کشمیر میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہوا جس کی وجہ سے سردی میں شدید اضافہ ہوا اور جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جگہ جگہ پسیاں، پتھروں، اور مٹی کے تودے گر آنے کا سلسلہ جاری ہوا جس وجہ سے جموں و سرینگر قومی شاہراہ مکمل طور پر بند ہے اور انتظامیہ بھی لگاتار شاہراہ کو بحال کرنے کا کام کر رہی ہے۔ وہیں موسم میں بہتری آئی تو شاہراہ کو فوری طور پر ٹریفک کے لئے بحال کیا جائے گا۔اس ضمن میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایک طرف سے بانہال کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہوئی ہیں اور جس وجہ سے آپسی رابطے بھی منقطع ہو کر رہ گئے ہیں اور لوگوں کو اشیاء ضروریہ کے ساتھ ساتھ بجلی اور پانی کے لئے بھی کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے تو وہی دوسری جانب بانہال کے میدانی علاقوں میں بھی بجلی اور پانی کے لئے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔وہیں بانہال قصبہ میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ تنگ آ چکے ہیں۔ اس سلسلے میں عوام نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اشیاء ضروریہ کے ساتھ ساتھ بجلی، پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔