لداخ میں ریکارڈٹوٹے۔دراس میں درجہ حرارت منفی29ڈگری
لازوال ڈیسک
جموں؍؍گرم پتھری کہلائے جانے والے جموں شہر اوردوسرے اضلاع بھی سخت ترین سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔جموں شہر میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت محض3.3ڈگری ریکارڈ کیاگیا جومعمول کے درجہ حرارت سے کافی کم ہے ۔جموں صوبہ کے دوسرے اضلاع بشمول رام بن ،ڈوڈہ ،کشتواڑ ،راجوری ،پونچھ ،ریاسی ،سانبہ ،کٹھوعہ اوراودھم پورمیں بھی سخت سردی پائی جاتی ہے ۔کچھ لوگوں نے فون پر بتایاکہ جموں شہر میں رات کے وقت سردی کایہ عالم ہے کہ ہم کانگڑی کویادکرتے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ کچھ علاقوں جہاں کشمیریوں کے مکانات ہیں ،وہاں کانگڑیوں کااستعمال ہوتاہے اورلوگ کشمیری فرن بھی پہنے رکھتے ہیں ۔لوگوں کے بقول جموں شہر میں صبح کے وقت گہری دھند ہوتی ہے جبکہ سہ پہر چار بجے سے سردہوائیں چلنا شروع ہوجاتاہے اورلوگ گھروں کے اندربیٹھنے کوہی ترجیح دیتے ہیں۔اُدھر مرکزی زیرانتظام علاقہ لداخ میں صورتحال کشمیراورجموں سے بھی کہیں زیادہ سخت ہے کیونکہ وہاں رات کادرجہ حرارت مسلسل اورتیزی کیساتھ گرائوٹ کاشکارہے ۔لیہہ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی16.4ڈگری ریکارڈ کیاگیاجبکہ کرگل میں منفی 21.1اوردنیا کے دوسرے سب سے سردترین مقام دراس میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی29ڈگری ریکارد کیاگیا۔