دچھن، مڑواہ و واڑون میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍ ضلع کشتواڑ کے دور دراز اور برف پوش علاقوں دچھن، مڑواہ اور واڑون میں پہلے مرحلے میں ڈی ڈی سی اور پنچایت ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں اس سلسلے میں ضلع پنچایت الیکشن آفیسر کشتواڑ اشوک کمار شرما نے ان علاقوں کا دورہ کیا اور انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس دوران ان کے ہمراہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ ڈاکٹر ہرمیت سنگھ مہتا بھی موجود تھے۔علاقہ دچھن کے دورے کے دوران انہوں نے ہائر سیکنڈری اسکول سوندر میں جاری دسویں جماعت کے امتحان کا معائنہ کیا اور اس کے علاوہ گورنمنٹ ہائیر سکنڈری اسکول دچھن میں قائم کیے جانے والے ڈی ڈی سی انتخابات کے لئے کنٹرول روم اور گنتی کے مرکز میں بنیادی ڈھانچے اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایس ڈی ایم مڑواہ کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات اور ہدایات کے مطابق کنٹرول روم اور گنتی مراکز کے لئے شناخت شدہ مقام کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت دی گئی۔مڑواہ اور واڑون کے دورے کے دوران انہوں نے وہاں موجود پولنگ عملے کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لیا اور وہاں پر کیے گیے حفاظتی اقدام کا بھی جائزہ لیا۔پہلے مرحلے میں ہونے والے انتخابات کے لیے موجود پولنگ عملے کے ساتھ بات چیت کے دوران ، انہوں نے ان سے الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اصولوں پر سختی سے عمل کرنے اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے کہا۔انہوں نے ایس ڈی ایم مڑواہ کو مزید ہدایت کی کہ وہ پولنگ عملے کے قیام اور سفر کے دوران سہولت کو یقینی بنائیں تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی کے انتخابات کروا سکیں اور جمہوریت کی روح کو برقرار رکھا جاسکے۔