سرنکوٹ سنئی کے وارڈ نمبر چھ کا محلہ ڈھنڈ سیداں سات ماہ سے پانی کیلئے پریشان
افتخارجعفری/آکاش ملک
سرنکوٹ؍؍ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے گائوں سنئی کے وارڈ نمبر چھ کے محلہ ڈھنڈ سیداں کے دس گھروں کے محکمہ ساتھ جل شکتی کا سوتیلا سلوک جا ری ہے جس کو لیکر مقامی عوام کئی ماہ سے پریشان ہے ۔ اس سلسلے میں مقامی عوام نے لازوال سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سات ماہ سے پانی کیلئے پریشان ہیں اور محکمہ آج اور کل کر رہا ہے جبکہ محکمہ دیگر گھروں کو پانی فراہم کر رہا ہے ۔مقامی عوام کا کہنا ہے کہ ہم نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کے افسران سے بات کی ،درخواستیں دیں لیکن محکمہ کے ذمہ دار افسران ایک دوسرے پر لگا رہے ہیں کہ فلاں کے پاس جائو اور اپنا کام کروائو۔انہوں نے مزید کہاکہ محکمہ کی نا اہلی اور ہٹ دھرمی سے تنگ آ چکے ہیں اور اپنی روز مرہ ضروریات کیلئے پانی سروں پر اٹھا کر لانے کیلئے مجبور ہیں ۔مقامی عوام نے اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور متعلقہ محکمہ کے ایکس ای این سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ جے ای،اے ای ای اور سپروائزر کو ہدایات جاری کی جائیں کہ دس گھروں سے جاری امتیازی سلوک کو ختم کر کے پانی فراہم کیا جائے اور سرکاری خزانے کے ساتھ ساتھ اپنی کرسیوں سے بھی انصاف کیا جائے ۔