مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو صنعتی شعبہ میں روزگار فراہم کرنے کا مطالبہ کیا
لازوال ڈیسک
سانبہ//اپنی پارٹی نے ضلع سانبہ میں مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو صنعتی شعبہ میں روزگار فراہم کرنے کے لئے حکومت سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔ ایک بیان میں پارٹی صوبائی صدر اور سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے کہا’’سانبہ میں قائم صنعتی یونٹس مقامی نوجوانوں کو روزگار نہیں دے رہے اور زیادہ تر غیر مقامی نوجوانوں کو ترجیحی دی جارہی ہے،ہم صنعتی شعبہ کے نام پر آلودگی حاصل کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ بحران کا شکار صنعتوں کی احیاء کے لئے پیکیج دیاجائے۔ صنعتوں کی مالی حالت بہتر نہیں، انہیں حکومت کی طرف سے صنعتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے حکومت کی مدد درکار ہے۔ منجیت سنگھ نے کہاکہ پچھلے ایک سال سے مالی بحران کے بیچ صرف غیر مقامیوں کو ترجیحی دی جارہی ہے۔ کان کنی مقامی لوگوں سے چھین لی گئی ہے اور بیرونِ یوٹی کے لوگوں کو دی گئی ہے جس کو لوگ قطعی بردداشت نہیں کریں گے۔ ان باتوں کا ذکر منجیت سنگھ نے وجے پور سروڑ اڈہ میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران کیا جس میں تیس کے قریب لوگوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر بولتے ہوئے اپنی پارٹی لیڈر چوہدری سلیم عالم نے کہاکہ ضلع میں نوجوانوں کے پاس روزگار کے کم مواقعے ہیں اور صنعتی شعبہ ہی اُن کی واحد امید ہے لیکن صنعتی زیادہ تر غیر مقامی افراد کو ترجیحی دیتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اِس عمل کو ترک کیاجانا چاہئے اور مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ورزگار دیاجائے۔