نماز عید کے بجاۓ اپنے اپنے گھروں پر رہ کر نماز چاشت ادا کریں۔
تنویر چوہدری
پونچھ// کرونا وائرس کے پیش نظر شہر پونچھ کی مرکزی جامع مسجد والے علاقے کو انتظامیہ نے بفر زون کیا ہوا ہے جبکہ شہر کے گردونواح کے بہت سارے حصے کو ریڈ زون کیا گیا ہے تاکہ کرونا وائرس جو اس وقت تیزی سے پھیل رہا تھا اس کی رفتار کو توڑا جا سکے اس سلسلے میں احتیاطی تدابیر کے طور پر لوگوں کو نماز عید الاضحٰی کھلے عام پڑھنے کی اجازت نہیں ہے کیونکہ لوگوں کے ہجوم کو قابو میں کرنا مشکل ہوتا ہے اور ایسے میں نقصان ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔ مرکزی امام و خطیب پونچھ مولانا مفتی فاروق حسین مصباحی نے آج پریس کے نام جاری اپنے بیان میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کل یعنی عید کے دن اپنے گھروں میں رہیں اور نماز عید کی جگہ نماز چاشت ادا کریں اللہ غفور الرحیم ہے وہ چاشت کے ادا کرنے پر بھی نماز عید کا ثواب دے گا۔ انہوں نے عوام کے لیے سب سے بہتر یہی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اور انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گے احتیاطی اقدامات پر عمل پیرا ہوں۔ مصباحی نے لوگوں کو عید الاضحٰی کی مبارکباد بھی پیش کی اور پوری دنیا میں امن و امان کی دعا کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس جیسی موذی وباء سے نجات کے لیے بھی خصوصی دعا کی ہے۔