سری نگر، 15 جولائی (یو این آئی) جموں وکشمیر پولیس نے کہا ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں مبینہ طور پر اغوا ہونے والے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر اور میونسپل کمیٹی وترگام رفیع آباد کے وائس چیئرمین معراج الدین ملہ کو بچا لیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے کہا گیا ہے: ‘مغوی شخص کو بچا لیا گیا ہے’۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات دینے سے انکار کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ معراج الدین بدھ کی شام بحفاظت گھر لوٹ آئے تاہم انہیں اغوا کاروں نے مبینہ طور پر پیٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سے پولیس بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو، جنہوں نے اتوار کو قصبہ بانڈی پورہ میں مہلوک بی جے پی لیڈر کے گھر والوں سے ملاقات کی، نے اس موقع پر انتظامیہ سے بی جے پی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔