فوج کے جوانوں اور حکام کو سوشل میڈیا پر اکاونٹ بند کرنے کی صلاح
یواین آئی
نئی دہلی؍؍چین کے ساتھ سرحد پرجاری تنازعہ کے درمیان فوج نے اسٹریٹجک اہمیت کی معلومات لیک ہونے کے اندیشہ کے پیش نظر تمام افسران اور جوانوں سے پب جی، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹرو کالر سمیت 88موبائل ایپ کو اپنے موبائن فون سے ہٹانے کے لئے کہا ہے ۔ذرائع کے مطابق فوج نے تمام افسران اور جوانوں کو اس بارے میں ایک صلاح جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں سوشل میڈیا پر ان ایپ سے اپنے اکاونٹ پندرہ جولائی سے پہلے بند کرنے ہوں گے ۔فوج نے یہ قدم حکومت کی طرف سے چین کی 59موبائل ایپ کمپنیوں پر پابندی لگائے جانے کے بعد اٹھایا ہے ۔فوج نے جن ایپ سے حکام اور جوانوں کو دور رہنے کے لئے کہا ہے ان میں گیمنگ، میوزک، ڈیٹنگ، یوٹلیٹی اور میسج الرٹ سے جڑی ایپ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق فوج نے حکام اور جوانوں سے کہا کہ اگر وہ ان ایپ سے اپنے اکاونٹ بند نہیں کرتے ہیں تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے ۔خیال رہے کہ مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ دو مہینہ سے جاری تعطل کی وجہ سے اصل کنٹرول لائن پر دونوں افواج کے مابین کشیدگی کی صورتحال ہے ۔ دونوں ممالک کے فوجیوں کے درمیان گزشتہ 15جون کو گلوان گھاٹی پرتشدد تصادم ہوا تھا جس میں فوج کے ایک کرنل سمیت 20جوان شہید ہوگئے تھے ۔ چین کا فوجی بھی بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا تھا۔