مرکزی حکومت کا ہدف کورونا سے اموات کی شرح کم کرنا:ہرش وردھن

0
0

ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کے ساتھ متحد ہوکر کام کرناہے
لازوال ڈیسک

نئی دہلی؍؍صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج کہاکہ مرکزی حکومت کا ہدف ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کے ساتھ متحد ہوکر کورونا وائرس کووڈ۔19کے متاثرین کی شناخت کرکے اور موثر طبی انتظامات کے ذریعہ مریضوں کی اموات کی شرح کم کرنا ہے ۔ڈاکٹر ہرش وردھن کی قیادت میں جمعرات کو ہوئی کابینہ میٹنگ کی 18ویں اعلی سطحی میٹنگ میں ملک میں کووڈ۔19انفیکشن کے موجودہ حالات اور اس کی رو ک تھام کے لئے مستقبل میں کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کووڈ۔19سے متعلق صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا گیا ہے ۔ ملک میں اس وقت کل ملاکر 3,914اسپتال، صحت مراکز اور کووڈ کیئر سنٹر کورونا متاثرین کے علاج میں مصروف ہیں۔ان صحت مراکز میں 3,77,737آئسولیشن بیڈ (آئی سی یو سپورٹ کے بغیر)،39,820آئی سی یو بیڈ اور 1,42,415آکسیجن سپورٹیڈ بیڈ ہیں۔ اس کے علاوہ اب تک مجموعی طورپر 213.55لاکھ این 95ماسک، 12094لاکھ پی پی آئی کٹ اور 612.57لاکھ ہائیڈروکلوروکوین کی گولیاں تقسیم کی جاچکی ہیں۔ڈاکٹر ہر ش ورھن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری توجہ اب کووڈ۔19کے انفیکشن کی روک تھام پر مرکوز ہونی چاہئے ۔ اس کے لئے کنٹینمنٹ اور سرویلانس کے سخت اقدامات کئے جانے چاہئیں، ٹیسٹ صلاحیت کا مکمل استعمال کرنا چاہئے ، کسی دیگر بیماری سے متاثرہ شخص اور بزرگوں پر توجہ دینی چاہئے ۔ آروگیہ سیتو جیسے ڈیجیٹل ٹول کے ذریعہ ابھرت ہاٹ اسپاٹ کا پہلے سے پتہ لگایا جانا چاہئے اور مریضوں کے اسپتال میں داخلہ کا عمل بلارخنہ ہونا چاہئے اور صحت پر مبنی بنیادی ڈھانچہ کی تیاری پر توجہ دینی چاہئے ۔ ہمارا ہدف کورونا متاثرین کی جلد نشاندہی کرکے اور موثر طبی انتظامات کے ذریعہ ریاست اور مرکزکے زیرانتظام ریاستوں کے ساتھ متحد ہوکر متاثرین کی شرح اموات کم کرنا اور انفیکشن کی روک تھام کرنا ہے ۔ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہوئی وزرا گروپ کی میٹنگ میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری، صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کے وزیرمملکت اشونی کمار چوبے ، کیمیکلز اور فرٹیلائزر کے وزیرمملکت منسکھ منڈاویا، نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر ونود پال شامل ہوئے ۔ میٹنگ میں ورچول میڈیا کے ذریعہ ہیلتھ سکریٹری پریتی سودن، وزارت صحت میں او ایس ڈی راجیش بھوشن، نیتی آیوگ کے چیف ایکزیکیوٹیو افسر امیتابھ کانت، انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو اور دیگر کئی حکام بھی شامل ہوئے ۔کابینی گروپ کو اطلاع دی گئی کہ کورونا انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثرہ پانچ ممالک سے ہندستان سے موازنہ کرنے پر واضح پتہ چلتا ہے کہ فی لاکھ آبادی موت کے معاملے 15اور انفیکشن کے معاملے 538ہیں، جو تملناڈو، دہلی، کرناٹک، تلنگانہ، آندھراپردیش، اترپردیش اور گجرات کے ہیں۔ ملک کے کورونا وائرس کے 80فیصد فعال معاملات 49اضلاع کے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کے 86فیصد معاملات چھ ریاستوں مہاراشٹر، دہلی، گجرات، تملناڈو،اترپردیش اور مغربی بنگال کے ہیں۔ متاثرین کی موت کے 80فیصد معاملات 32اضلاع کے ہیں۔ کابینی گروپ کو متاثرین کی زیادہ اموات والے علاقوں میں کی گئیں خصوصی کوششوں کے بارے میں بتایا گیا۔ان لاک 2.0کے دوران کئے جانے والے اقدامات سے بھی کابینی گروپ کو واقف کراے اگیا۔ انہیں بتایا گیا کہ اس دوران کنٹینمنٹ اور سرویلانس پر زیادہ توجہ دی گئی ہے ۔ اس کے تحت وزارت صحت کی رہنما ہدایات کے مطابق کنٹینمنٹ زون بنانا، کنٹینمنٹ زون کے بارے میں ویب سائٹ پر معلومات دینا، کنٹینمنٹ زون میں صرف ضروری سرگرمیوں کی اجازت دینا، متاثرین کے رابطہ کی نشاندہی کرنا، گھر گھر جاکر تلاش کرنا، سرویلانس کرنا اور کنٹینمنٹ زون کے باہر بفر زون کی نشاندہی کرنا شامل ہے تاکہ انفیکشن کے ممکنہ نئے معاملات کو کنٹرول کیا جاسکے ۔میٹنگ میں شامل نیشنل سنٹر فور ڈیزیز کنٹرول کے ڈائرکٹر ڈاکٹر سجیت کمار سنگھ نے کورونا وبا کے دوران پورے ملک میں کئے جارہے سرویلانس پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ کنٹینمنٹ کی حکمت عملی اور ایس اے آر آئی اور انفلوئنزا جیسی بیماری (آئی ایل آئی) کے معاملات کے ذریعہ سرویلانس، سورلوجی سروے اور کورونا انفیکشن کی جانچ کے لئے لیب کے نیٹورک کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔اعلی اختیارات یافتہ گروپ۔8کے صدر امت کھر نے وزرا گروپ کو کورونا انفیکشن کے بارے میں اطلاع دینے اور اس کے بارے میں بیداری پھیلانے کے لئے کی گئیں کوششوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ گروپ کو 6,755‘فیک نیوز’ کے الرٹ ملے جن میں سے 5,890 کا جواب سیدھے دیا گیا اور 17غیرملکی میڈیا نیوز میں تردید شائع کی گئی۔گروپ نے اس کے علاوہ کووڈ۔19سے متعلقہ 98ڈیلی بلیٹن، 92میڈیا بریفنگ اور 2,492پریس ریلیز جاری کیں۔اس میں کورونا وبا کے دوران عام لوگوں کے رہن سہن کے طورطریقوں میں تبدیلی کے لئے چلاجارہی مہم نے اہم کردار ادا کیا اور وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ شروع کردہ خودانحصار ہندستان مہم کے تحت کسانوں اور مائکرو، چھوٹی اور درمیانہ صنعتوں کے لئے کئے گئے راحتی اقدامات کے بارے بیداری پھیلائی گئی۔ انہو ں نے بتایا کہ یہ گروپ آئندہ کورونا وبا سے متعلق ذہنی مسائل پر زیادہ زور دے گا۔ زیادہ سے زیادہ لوگو ں تک پہنچ بنانے کے لئے علاقائی زبانوں میں پیغامات دیئے گئے ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا