یواین آئی
سرینگر؍؍کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے زائد از دو ماہ تک جزوی طور پر بند رہنے کے بعد پاسپورٹ دفتر سری نگر میں 8 جون یعنی پیر سے باقاعدہ کام کاج بحال ہوگا۔اس ضمن میں ریجنل پاسپورٹ افسر سری نگر بی بی ناگر نے پاسپورٹ کے حصول کے لئے درخواستیں جمع کرنے والے افراد سے کہا ہے کہ وہ محکمہ کی ویب سائٹ پر اپنی اپائنٹمنٹ کو دوبارہ بک کریں۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ مقررہ تاریخ پر پاسپورٹ دفتر تشریف لاتے وقت تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔جن احتیاطی تدابیر کو عمل میں لانے کی تاکید کی گئی ہے ان میں آروگیا سیتو نامی موبائل ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنا، فیس ماسکس لگانا، دستانے پہننا، سماجی دوری کا خیال رکھنا اور سینیٹائزرس کا استعمال کرنا خاص طور پر شامل ہیں۔موصوف افسر نے کہا ہے کہ لوگ پاسپورٹ کے بارے کسی بھی قسم کی معلومات حاصل کرنے یا کسی دوسرے متفرقہ کام کے لئے پاسپورٹ دفتر نہ آئیں بلکہ اس سلسلے میں ہم سے فون پر رابطہ کریں۔ انہوں نے لوگوں سے 0194-2500375 اور 2500374 پر رابطہ کرنے کو کہا ہے۔