نئی دہلی، 3 جون (یو این آئي) کانگریس نے آج کہا کہ وزارت ریلوے مہاجر مزدوروں کو اپنے گھر پہنچانے میں غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے لاپرواہی سے کام کررہی ہے اور مزدوروں کو دی جانے والی سہولیات پر جھوٹ بولا جارہا ہے، لہذا وزیر ریلوے پیوش گوئل کو فورا استعفیٰ دینا چاہئے، بصورت دیگر انہیں برخاست کردیا جائے۔
کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے بدھ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت بار بار یہ کہہ رہی ہے کہ مزدوروں کو مفت سفر کی سہولت دے کر گھر پہنچایا گیا ہے جبکہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ 85 فیصد سبسڈی دے کر مزدوروں کو اپنے گھر پہنچایا گیا ہے۔
مرکزی حکومت کے وزراء اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈران ٹی وی چینلوں پر ایسی ہی سبسڈی دینے کا دعویٰ کرتے رہے ہیں۔