کورونا کے بدعنوانوں کو کبھی معاف نہیں کرے گا ملک :راہل -پرینکا
یواین آئی
نئی دہلی؍؍کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کورونا کی وبا سے لڑنے کے سامان کی خرید کرنے کو شرمناک بتاتے ہوئے آج کہا کہ ان منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔مسٹرگاندھی نے ٹویٹ کیا‘‘جب پورا ملک کوویڈ -19 سے لڑرہاہے ،تب بھی کچھ لوگ نامناسب منافع کمانے سے نہیں چوکتے ۔اس بدعنوان ذہنیت پر شرم آتی ہے ،گھن آتی ہے ۔ہم وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان منافع خوروں پر جلد ہی سخت کارروائی کی جائے ۔ملک انہیں کبھی معاف نہیں کرے گا۔’’محترمہ واڈرا نے اترپردیش کے میڈیکل کالجوں میں خراب کٹ کی خرید پر حیرانی کا اظہار کیا اور الزام لگایا کہ ریاستی حکومت اس خرید میں ہوئی بدعنوانی کے سامنے آنے سے پریشان ہے ۔انہوں نے سوال کیا کہ جو حکومت اس بدعنوانی پر پردہ ڈالنے کی کوشش میں تھی،کیا وہ قصورواروں کے خلاف کارروائی کرے گی۔انہوں نے ٹویٹ کیا،‘‘اترپردیش کے بہت سارے میڈیکل کالجوں میں خراب پی پی ای کٹ گئی تھیں۔یہ تو اچھا ہوا کہ صحیح وقت پر وہ پکڑ میں آگئی تو واپس ہوگئی اور ہمارے ڈاکٹروں کی حفاظت سے کھلواڑ نہیں ہوا۔لیکن حیرانی کی بات یہ ہے کہ ریاستی حکومت کو یہ گھپلہ پریشان نہیں کررہا ہے بلکہ یہ بات پریشان کررہی ہے کہ خراب کٹ کی خبر باہرکیسے آگئی۔یہ تو اچھا ہوا کہ خبر باہر آگئی ورنہ خراب کٹ کا معاملہ پکڑا ہی نہیں جاتا اور ایسے ہی نظرانداز ہوجاتا۔کیا قصورواروں پر کارروائی ہوگی۔’’پارٹی کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ کورونا ٹیسٹنگ کٹ میں 166فیصد سے زیادہ کی منافع خوری ہوئی ہے ۔ایک ٹیسٹنگ کٹ کی قیمت 225روپے ہے لیکن اسے 600روپے کی شرح سے خریدا گیاہے ۔انہوں نے اسے شرمناک اور غیر انسانی کام بتایا ۔