ملک شاکر
بانہال؍؍دنیا بھرمیں مہلک بیماری کراوناوائیرس سے نمٹنے کے لئے جہاں دنیا کے مختلف ممالک میں لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لئے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تو وہی ملک ہندوستان کے تمام ریاستوں میں بھی کراوناوائیرس سے بچنے کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور جموں و کشمیر میں بھی محکمہ صحت کی جانب سے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور لوگوں کو احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ لوگ اپنے آپ کو اس مہلک بیماری سے محفوظ رکھ سکے۔تاہم بانہال میں لوگوں نے محکمہ صحت کی کارکردگی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بانہال میں محکمہ صحت کی جانب سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کراوناوائیرس کا سب سے زیادہ خطرہ بانہال میں ہے جہاں ریلوے اسٹیشن پر بیرون ریاستوں کے باشندوں کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے اور محکمہ صحت کی جانب سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لئے کوئی خاص عملہ تشکیل نہیں دیا گیا ہے اور نا ہی کوئی تسلی بخش جانچ لوگوں کو فراہم کی جاتی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے منڈل پریذیڈنٹ محمد سلیم بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانہال میں شعبہ صحت کی جانب سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پھیل رہی مہلک بیماری کراوناوائیرس کا سب سے زیادہ دباؤ بانہال میں ہے جہاں ریلوے اسٹیشن پر نہ صرف جموں و کشمیر کے باشندوں کی بھیڑ ہوتی ہے بلکہ ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگوں کی تعداد موجود رہتی ہے۔ اگر چہ بانہال میں ابھی تک کراوناوائیرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے مگر محکمہ صحت کی لاپرواہی سے اس بیماری کو دعوت دی جارہی ہے اور محکمہ صحت کی جانب سے لوگوں کو اس مہلک بیماری سے محفوظ رکھنے کے لئے کوئی خاص اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ بانہال میں لوگوں کو راحت پہنچانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔