سڈنی، (یو این آئی ) نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے کے بعد گلے میں خراش کی شکایت کی وجہ سے ٹیم سے الگ کردیا گیا ہے ۔جمعہ کو یہاں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ کے بعد فرگوسن نے گلے میں خراش کی شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد انہیں احتیاطا ٹیم سے الگ کر دیا گیا۔ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جائے گا جس کی رپورٹ آنے کے بعد اگلا قدم اٹھایا جائے گا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے ترجمان نے کہاکہ پہلے ون ڈے کے بعد گلے میں خراش کی شکایت کو دیکھتے ہوئے صحت ہدایات کے تحت فرگوسن کو اگلے 24 گھنٹے کے لئے ٹیم ہوٹل میں الگ تھلگ کیا گیا ہے ۔ ان کا ٹیسٹ کرایا گیا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد انہیں ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ رکھا جائے گا۔فرگوسن سے پہلے آسٹریلیا کے تیز گیند باز کین رچرڈسن کو بھی اسی طرح کی شکایت کے بعد میچ سے پہلے ٹیم سے باہر کر کے الگ تھلگ کیا گیا تھا اور ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ اگرچہ ان کی رپورٹ میں اس وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے اثر کی وجہ سے کھیل کی دنیا کافی متاثر ہوئی ہے ۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری تین میچوں کی ون ڈے سیریز کو بھی نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے سفر پابندیوں کی وجہ سے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔یو این آئی ۔