یواین آئی
نئی دہلی؍؍ ہفتہ کے روز راجیو چوک میٹرو اسٹیشن پر ، کچھ شرپسند لوگوں نے ‘ملک کے غداروں کو گولی مارو …’ کے نعرے لگائے جس سے وہاں ہنگامہ برپا ہوگیا اور ایک عجیب و غریب صورت حال پیدا ہوگئی۔جب میٹرو کے مسافروں نے اس طرح کے قابل اعتراض نعرے سنے تو وہ حیران رہ گئے اور وہ منظر دیکھنے لگے اور پلیٹ فارم پر موجود کچھ لوگوں نے اس واقعے کی ویڈیو بھی بنا یا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ صبح 11 بجے کے قریب پیش آنے والے اس واقعہ کو دیکھ کر میٹرو کے عہدیدار اور سنٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کے اہلکار حرکت میں آگئے ۔اس واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ، دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک بیان جاری کیا لیکن اس میں اس نعرے کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ ڈی ایم آر سی کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق میٹرو اہلکاروں اور سکیورٹی اہلکاروں نے نعرے بازی کرنے والوں کو خاموش کرانے کی کوشش کی اور اس کے بعد انہیں پکڑ کر میٹرو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔پولیس نے واقعے میں ملوث چھ افراد کو اپنی تحویل میں لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔ ڈی ایم آر سی نے بیان میں کہا ہے کہ دہلی میٹرو ایکٹ کے تحت کوئی بھی مسافر نعرے بازی نہیں کرسکتا ہے ، نہ ہی احتجاج اور نہ ہی ہنگامہ کرسکتا ہے ۔ اگر کوئی شخص ایسا کرتا ہوا پایا گیا ہے تو اسے فوری طور پر میٹرو کے احاطے سے نکال دیا جائے گا۔غور طلب ہے کہ دہلی انتخابات کے دوران مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے ایک انتخابی ریلی میں ‘ملک کے غداروں کو گولی مارو … …’ کے نعرے لگائے تھے ۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی زبردست شکست کے بعد ، خود وزیر داخلہ امت شاہ نے اعتراف کیا کہ پارٹی کو اس طرح کے اشتعال انگیز نعروں کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ گذشتہ ہفتے جعفرآباد میں بی جے پی کے رہنما کپل مشرا نے اشتعال انگیز بیان دیا تھا ، جس کے دو دن بعد شمال مشرقی دہلی میں خوفناک فسادات میں 40 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ مختلف اسپتالوں میں 150 سے زیادہ زخمی داخل ہیں ۔ شمال مشرقی دہلی سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر نے اس معاملے میں کہا تھا کہ جو بھی رہنما اس طرح کی بیان بازی کرتا ہے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے