سرکاری نشریاتی اداروں اور قومی خبر رساں ایجنسیوں کی ویب سائٹس شامل نہیں
یواین آئی
سرینگر جموں وکشمیر حکومت کی طرف سے جاری 4 سو 81 وائٹ لسٹڈ ویب سائٹوں کی فہرست میں سرکاری نشریاتی و تشہیری اداروں اور قومی سطح کی بعض اہم نیوز ایجنسیوں کی ویب سائٹس ہنوز شامل نہیں ہیں جس کے باعث ان اداروں سے وابستہ صحافی اور ان سے مستفید ہونے والے ادارے و افراد ان ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے سے معذور ہیں۔بتادیں کہ حکومت نے جموں کشمیر میں ماہ جنوری کی 24 تاریخ کو ٹو جی موبائیل انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی بحالی کے ساتھ 3 سو وائٹ لسٹڈ ویب سائٹوں کی فہرست بھی جاری کی جن کی تعداد بعد ازاں 4 سو 81 تک بڑھا دی گئی۔سرکاری نشریاتیو تشہیری اداروں جیسے آل انڈیا ریڈیو، دور درشن اور پریس انفارمیشن بیورو کی ویب سائٹوں کے علاوہ قومی سطح کی اہم نیوز ایجنسیاں جن میں یو این آئی، پی ٹی آئی اور آئی اے این ایس شامل ہیں، ہنوز وائٹ لسٹڈ ویب سائیٹوں کی فہرست سے غائب ہیں جس کے پیش نظر ان اداروں سے وابستہ صحافی بالعموم اور ان اداروں سے مستفید ہونے والے ادارے و افراد بالخصوص ان ویب سائٹوں کو دیکھنے سے معذور ہیں۔ایک صحافی نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے وائٹ لسٹڈ ویب سائٹوں کی فہرست میں بین لاقوامی سطح کی نیوز ایجنسیاں تو شامل ہیں لیکن قومی سطح کے اہم ادارے غائب ہیں۔انہوں نے کہا: ‘حکومت کی طرف سے وائٹ لسٹڈ ویب سائٹوں میں مخلتف بین الاقوامی سطح کی نیوز ایجنسیاں شامل ہیں لیکن قومی سطح کی اہم نیوز ایجنسیوں کے علاوہ دوردرشن، آل انڈیا ریڈیو وغیرہ جیسے اہم اداروں کی ویب سائٹس غائب ہیں جس کے نتیجے میں ہم اپنی ویب سائٹ دیکھ پارہے ہیں نہ ان اداروں کی ویب سائٹس دیکھ پارہے ہیں’۔قابل ذکر ہے کہ حکومت جموں کشمر میں محدود انٹرنیٹ خدمات کی بحالی اور وائٹ لسٹڈ ویب سائٹوں کے متعلق ہفتہ وار مینٹنگوں میں جائزہ لیا جاتا ہے اگرچہ حکومت کی طرف سے انٹرنیٹ کے متعلق 24 جنوری کو جاری کیا گیا حکم نامہ ہی فی الوقت من وعن نافذ العمل ہے تاہم وائٹ لسٹڈ ویب سائٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔وادی کشمیر میں اگرچہ ٹو جی موبائیل انٹرنیٹ خدمات اور نجی سروس پرووائیڈرس نے براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات بحال کی ہیں تاہم سرکاری مواصلاتی کپمنی بی ایس این ایل کی طرف سے براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات فی الوقت بحال نہیں ہوئی ہیں۔ بی ایس این ایل کے پی آر او مسعود بالا نے چند روز قبل یو این آئی اردو کو بتایا تھا کہ کمپنی ضروری فائر وال کو نصب کررہی ہے اور ایک ہفتے کے اندر براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس کو بحال کیا جائے گا۔