میلبورن، (یواین آئی) آسٹریلیا خواتین ٹیم نے انگلینڈ کو تین ممالک کے ٹی -20 خواتین کرکٹ ٹورنامنٹ کے آخری میچ میں 16 رنز سے ہرا دیا اور فائنل میں جگہ بنا لی۔ آسٹریلیا کی اس جیت سے ہندوستانی ٹیم نے بھی خطابی مقابلے میں داخلہ حاصل کر لیا۔آسٹریلیا، ہندوستان اور انگلینڈ نے چار چار مقابلوں میں سے دو دو میچ جیتے تھے اور تینوں ٹیموں کے چار پوائنٹس تھے ۔ ہندوستانی خاتون ٹیم نے آسٹریلیا کو گزشتہ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دی اور فائنل میں جانے کی امیدیں برقرار رکھی تھیں ۔ آسٹریلیا کی انگلینڈ پر جیت سے ہندوستان نے فائنل میں جگہ بنا لی اور انگلینڈ اس ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان 12 فروری کو خطابی مقابلہ کھیلا جائے گا۔اس سے پہلے آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف بیتھ موني (50) کی نصف سنچری اننگز سے 20 اوور میں سات وکٹ پر 132 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی خواتین کی ٹیم 20 اوور میں سات وکٹ پر 116 رن ہی بنا سکی۔ انگلینڈ کی طرف سے کیتھرن برنٹ نے 19 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 23 اور لارین وینفیلڈ نے 24 گیندوں میں تین چوکے کی مدد سے 23 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی اننگز میں موني کے علاوہ رچایل ہائی نیس نے 24، کپتان میگ لننگ نے 12، سوفی مولنکس نے 11، ایشلے گارڈنر نے 10 اور ایلیسو پیری نے 10 رنز بنائے ۔ انگلینڈ کی جانب سے سوفی ایکسلیسٹنے نے اور ساراہ گلین نے دو دو وکٹ اور برنٹ اور نیٹلی اسکیور نے ایک ایک وکٹ لیا۔ انگلینڈ کی اننگز میں اسکیور نے 16، کپتان ھیتھر نائٹ نے 13 اور ڈینیل ویات نے 11 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے مولنیکس نے تین، ٹیلا ولمینسک نے دو اور میگن شوٹ اور جیس جوناسین نے ایک ایک وکٹ لیا۔یواین آئی