ہم سب ایک وسیع خاندان کے رکن ہیں:مودی
سنی وقف بورڈ کو ایودھیا میں پانچ ایکڑ زمین دی جائے گی، رام للا براجمان کی زمین بھی ٹرسٹ کو ملے گی
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍وزیر اعظم نریندر مودی نے آج لوک سبھا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے ٹرسٹ کے قیام کا اعلان کر دیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے ایودھیا میں خوبصورت رام مندر کی تعمیر کے لئے ٹرسٹ کی تشکیل کو منظوری دی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے ٹرسٹ کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹرسٹ کا نام ‘شری رام جنم استھلی تیرتھ چھیتر’ہوگا اور یہ مکمل طور پر خود مختارہوگا۔ اس کے ساتھ ہی سنی وقف بورڈ کو ایودھیا میں پانچ ایکڑ زمین دی جائے گی۔بدھ کو لوک سبھا میں ارکان کو اس کی معلومات دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں رام جنم بھومی پر خوبصورت مندر کی تعمیر کے لئے اور اس سے متعلق دیگر موضوعات کے لئے ایک بہت بڑا منصوبہ تیار کیا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ایک خود مختار ٹرسٹ شری را م جنم بھومی تیرتھ چھیتر کے قیام کی تجویز منظور کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرسٹ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق مندر بنانے کے لئے کام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی فضاؤں میں، آدرشوں میں، اقدار میں بھگوان رام اور ایودھیا کی تاریخی سے ہم سب واقف ہیں۔ ایودھیا میں بھگوان شری رام کے خوبصورت مندر کی تعمیر موجودہ اور مستقبل میں رام للا کے درشن کے لئے آنے والے یاتریوں کی تعداد اور احترام کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایک اور فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی ایم نے بتایا کہ قانون کے تحت ٹرسٹ کو 67.03 ایکڑ ٹرانسفر کی جائے گی، جس میں اندرونی اور بیرونی صحن بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام للا براجمان کی زمین بھی ٹرسٹ کو ملے گی۔یہ ٹرسٹ ہی خوبصورت اور شانداررام مندر کی تعمیر پر فیصلہ لے گا۔وزیر اعظم نے ایوان میں اراکین کو بتایا کہ سنی وقف بورڈ کو ایودھیا میں پانچ ایکڑ زمین الاٹ کی جائے گی اور اس کے لئے اتر پردیش حکومت نے بھی اپنی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ مودی نے کہا کہ ’09 نومبر کو ایودھیا پر فیصلہ آنے کے بعد ہم وطنوں نے سمجھداری کا ثبوت دیا۔ میں نے ان کی تعریف کرتا ہوں۔ ہماری ثقافت، ہماری روایت کا فلسفہ فراہم کرتی ہے اور آگے بڑھنے کی ترغیب بھی دیتی ہے۔ ہندوستان میں ہر فرقے کے لوگ چاہے ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی ہوں یا بدھ مت، پارسی جین ہوں، ہم سب ایک وسیع خاندان کے رکن ہیں۔ اس خاندان کے ہر رکن کی ترقی ہو، وہ خوش رہے، صحت مند رہے، ملک کی ترقی ہو اسی احساس کے ساتھ میری حکومت سب کا ساتھ، سب کا وشواس کے اصولوںپر گامزن ہے۔