لفٹینٹ گورنر نے ایمز جموں کی پیش رفت کا جایزہ لیا ۰ضلع ہسپتال سانبہ کیلئے اضافی اقامت کا سنگِ بنیاد رکھا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لفٹینٹ گورنر گریش چندر مرمو نے کہا ہے کہ صنعتیں اور بنک ایک دوسرے کیلئے لازمِ ملزوم ہیں اور ان دونوں کے درمیان مربوط رشتے پائے جاتے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر سڈکو انڈسٹریل اسٹیٹ سانبہ میں کلسٹر دفتر اور جموں کشمیر بنک کے انڈسٹریل فائنانس براچ کا افتتاح کرنے کے بعد صنعتکاروں کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ بنک اور صنعتکار ایک مستحکم اقتصادی منظر نامے میں ایک دوسرے کے تعاون سے باہمی طور پر ترقی پاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اشتراک کے اس عمل کو مزید مضبوط کیا جانا چاہئیے ۔ اس موقعہ پر صنعتکاروں نے اپنے کئی مطالبات کو اجاگر کیا جن میں سے کئی ایک کو موقعہ پر ہی حل کیا گیا اور انہیں یقین دلایا گیا کہ باقی ماندہ جائیز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔ صنعتکاروں نے ایل جی انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے جا رہے مثبت اقدامات کیلئے اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے بی ڈی سی چئیر پرسنوں اور ضلع سانبہ کی میونسپل کمیٹیوں کے ارکان اور چئیر پرسنوں پر مشتمل وفود کے ساتھ بھی بات چیت کی ۔ وفود نے کئی مطالبات اُن کی نوٹس میں لائے جن میں سرحدی علاقوں میں سڑکوں اور صحت شعبے کو بڑھاوا دینے کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کو بڑھاوا دینا جیسے امور شامل ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے یقین دلایا کہ ان معاملات پر فوری کاروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو کئی ایک معاملات میں فوری طور کاروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ دریں اثنا لفٹینٹ گورنر نے ڈسٹرکٹ ہسپتال سانبہ میں اضافی او پی ڈی بلاک کا بھی سنگِ بنیاد رکھا ۔ انہوں نے ایمر جنسی اور او پی ڈی وارڈوں کا دورہ کر کے وہاں مریضوں کیلئے دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ بعد میں ایل جی نے وجے پور میں ایمز قائم کئے جانے والی جگہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں مجوزہ میڈیسٹی کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ تمام لازمی اقدامات ہاتھ میں لے کر اس پروجیکٹ کی معیاد بند مدت کے اندر تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ فائنانشل کمشنر صحت اٹل ڈولو ، چئیر مین و ایم ڈی جے کے بنک آر کے چھبر ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت ایم کے دویدی ، ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما کے علاوہ صنعت و حرفت اور صحت محکمے کے کئی اعلیٰ افسران لفٹینٹ گورنر کے ہمراہ تھے ۔