جھانسی (یو این آئی) اترپردیش کے شہر جھانسی واقع میجر دھیان چند اسٹیڈیم میں رنگا رنگ پروگراموں کے ساتھ جمعرات سے شروع 10 ویں سینئر نیشنل مرد ہاکی چمپئن شپ (اے ڈویژن) کے پہلے ہی میچ میں سروس اسپورٹس کنٹرول بورڈ کی ٹیم نے اتر پردیش کی ٹیم کو 5-1 سے شکست دے دی۔اتر پردیش اور کنٹرول بورڈ کے میچ میں آغاز سے ہی بورڈ کی گرفت مضبوط رہی اور پہلے ہی منٹ میں گول داغ کر اس ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنا ارادہ صاف کر دیا۔اس کے بعد میچ کے 12، 43 ویں اور 48 ویں منٹ میں بورڈ کی ٹیم نے تین گول کر کے 4-1 کی برتری حاصل کرلی۔جواب میں اتر پردیش کی ٹیم مشکل سے 53 ویں منٹ میں ایک گول داغ پائی اور 59 ویں منٹ میں ہی بورڈ کی ٹیم نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کو 5-1 سے فتح دلا دی۔بورڈ کی جانب سے دو گول جگراج سنگھ نے داغے ۔اس کے علاوہ اجنکیا جادھو، کلدیپ اور اشیش ٹوپنو نے ایک ایک گول داغا۔دوسرے میچ میں ھاکي پنجاب نے ہاکی چنڈي گڑھ کو 2-0 سے شکست دی۔پنجاب کی جانب سے کرن بیر سنگھ اور ویرندر سنگھ نے میچ کے 41 ویں اور 56 ویں منٹ میں گول کئے ۔اس کے جواب میں چنڈی گڑھ کی ٹیم ایک بھی گول اسکور نہیں کر پائی۔تیسرے میچ میں پیٹرولیم اسپورٹس پروموشن بورڈ (پی ایس پی) نے سینٹرل ریزرو پولس فورس (سي آرپي ایف ) کی ٹیم کو 6-2سے شکست دی۔پی ایس پی کی ٹیم نے میچ کے چوتھے اور نویں منٹ میں گول کر کے برتری حاصل کرلی اور اس کے بعد 21 ویں، 24 ویں، 27 ویں اور 34 ویں منٹ میں گول کر 6-0 کی برتری حاصل کرلی۔اس کے جواب میں سي آرپي ایف کی ٹیم 40 ویں اور 54 وہ منٹ میں صرف دو گول ہی کر پائی اور میچ کو پی ایس پی نے 6-0 سے اپنے نام کیا۔پی ایس پی کی جانب سے بھارت، انل مندیپ، تلوندر سنگھ، ھرجیت سنگھ، دیوندر والمیکی اور گرجندر سنگھ نے ایک ایک گول داغا۔ممبئی ہاکی ایسوسی ایشن اور کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (کیگ) کی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا چوتھا اور دن کا آخری میچ 3-3 کی برابری پر چھوٹا۔میچ کے پہلے ہاف میں ممبئی کی ٹیم 3-1 کی برتری بنائے ہوئے تھی لیکن میچ کے دوسرے ہاف کے آخری لمحات میں کیگ کی ٹیم نے تابڑتوڑ گول کرکے میچ کو برابر کردیا۔23 جنوری سے 2 فروری تک چلنے والے اس مقابلے میں ملک کی 18 بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ مقابلے ہاکی انڈیا کے قوانین کے تحت مکمل شفافیت کے ساتھ کرائے جائیں گے ۔مقابلہ میں کسی بھی قسم کی ضابطہ شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔یو این آئی
؎