میلبورن، (یو این آئی ) عالمی نمبر ایک کھلاڑی اور ٹاپ سیڈ اسپین کے رافیل نڈال نے سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کے لیے اپنے کیریئر میں دوسری بار جیتنے کی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے جمعرات کو آسان فتح کے ساتھ تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔نڈال نے 76 ویں رینکنگ کے ارجنٹینا کے کھلاڑی فریڈریکو ڈیلبونس کو یک طرفہ انداز میں 6-3، 7-6، 6-1 سے ڈھائی گھنٹے میں ہرا دیا۔ نڈال کو صرف دوسرے سیٹ میں جدوجہد کرنا پڑی جو ٹائی بریکر تک کھنچا۔ نڈال نے ٹائی بریک 7-4 سے جیتا اور تیسرے سیٹ میں حریف کھلاڑی کو محض ایک گیم جیتنے کا موقع دیا۔اپنے کیریئر میں 19 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت چکے نڈال نے صرف ایک بار 2009 میں آسٹریلین اوپن ٹائٹل جیتا تھا، جب انہوں نے راجر فیڈرر کو فائنل میں شکست دی تھی۔ اس کے بعد سے نڈال کو چار بار میلبورن کے خطابی مقابلے میں ہارنا پڑا ہے ۔ نڈال کا تیسرے راؤنڈ میں اپنے ہی ملک کے 27 ویں سیڈ کھلاڑی پابلو کارینو بستا سے مقابلہ ہوگا۔مردوں میں چوتھی سیڈ روس کے ڈینیل مدویدیف، پانچویں سیڈ آسٹریا کے ڈومینک تھیم، ساتویں سیڈ جرمنی کے الیگزینڈر جیویریواور خواتین میں دوسری سیڈ جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا، چوتھی سیڈ رومانیہ کی سمونا ہالیپ اور چھٹی سیڈ سوئٹزرلینڈ کی بیلنڈا بینسچ نے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے ۔مدویدیف نے دوسرے راؤنڈ میں اسپین کے کوالیفائر پیڈرو مارٹنیز کو دو گھنٹے نو منٹ میں 7-5، 6-1، 6-3 سے شکست دی جبکہ تھیم نے آسٹریلیا کے وائلڈ کارڈ پٹی ایلیکس بولٹ کو پانچ سیٹ کے سخت جدوجہد میں تین گھنٹے 22 منٹ میں 6-2، 5-7، 6-7، 6-1، 6-2 سے شکست دی۔ جیویریونے بیلاروس کے اگور گیراسموو کو دو گھنٹے 19 منٹ میں 7-6، 6-4، 7-5 سے شکست دی۔تیسرے راؤنڈ میں تھیم کا مقابلہ 29 ویں رینکنگ کے امریکی کھلاڑی ٹیلر فرٹز سے ہوگا جنہوں نے جنوبی افریقہ کے افسانوی کھلاڑی کیون اینڈرسن کو پانچ سیٹ تک چلے مقابلے میں تین گھنٹے 21 منٹ میں 4-6، 6-7، 7-6، 6-2 ، 6-2 سے شکست دی۔ مدویدیف کے سامنے آسٹریلیا کے الیکسی پوپیرن کا چیلنج ہوگا جنہوں نے اسپین کے جوم مونار کو مسلسل سیٹوں میں 6-2، 7-6، 6-2 سے شکست دی۔10 ویں سیڈ فرانس کے گائل مونفلس، 15 ویں سیڈ سوئٹزرلینڈ کے اسٹنسلاس واورنکا، 23 ویں سیڈ آسٹریلیا کے نک کرگیوس اور 11 ویں سیڈ بیلجئیم ڈیوڈ گوفن نے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ خواتین کے زمرے میں پلسکووا نے جرمنی کی لارا سیزمنڈ کو 6-3، 6-3 سے ، ہالیپ نے برطانوی کوالیفائر ھیرٹ ڈارٹ کو 6-2، 6-4 سے ، بینسچ نے لٹویا کی جیلینا اوستا پیکو کو 7-5، 7-5 اور سابق نمبر ایک اسپین کی گربان مگروجا نے آسٹریلیا کی انجیلا ٹومزانووچ کو تین سیٹ میں 6-3، 3-6، 6-3 سے شکست دی۔ پلسکووا کا دوسرے راؤنڈ میں روس کی انستاسیا پاولیوچینکووا اور ہالیپ کا قزاقستان کی یولیا پتنسیوا سے مقابلہ ہوگا۔